تلنگانہ کی تعمیر نو کیلئے اتحاد اور باہمی تال میل ناگزیر

میڈیا مخالف تلنگانہ سرمایہ داروں کے اثر سے باہر نکلے ، جناب ظہیرالدین علی خاں کا خطاب
حیدرآباد۔30نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں رکاوٹیں حائل کرنے کا ذرائع ابلاغ پر الزام عائد کرتے ہوئے جناب ظہیر الدین علی خان نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے سرمایہ کاروں کی نگرانی میںچلائے جانے والے میڈیا نے تلنگانہ تحریک کو سبوتاج کرنے میںکوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ آج یہاں تلنگانہ ریسور س سنٹر کے دفتر چندرم میںٹی آر سی کے 150ویں مذاکرے تلنگانہ کی تعمیر نو میںذرائع ابلاغ کے رول سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔چیرمن تلنگانہ پریس اکیڈیمی مسٹر الم نارائنہ کے علاوہ مسٹر ٹی اشوک کمار‘مسٹر کے سرینواس ‘ مسٹر کے سرینواس ریڈی‘مسٹر آر دلیپ ریڈی‘مسٹر ڈی سائی بابا‘ مسٹر ایس ویریہ نے بھی اس مذاکرے سے خطاب کیا۔ جناب ظہیر الدین علی خان نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل بھی 1400 سے زائد نوجوانوں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے جنھوں نے علیحدہ ریاست کی تشکیل کے لئے اپنی قیمتی زندگیوں کو تک قربان کردیا اس کے بعد تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نام پر تشکیل دی گئی رضاکارانہ تنظیموں کے بشمول سیاسی جماعتوں نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنانے میںاہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کی تعمیر نو کے لئے تلنگانہ کے شعبہ صحافت میںاتحاد کو ضروری قراردیا ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا مخالف تلنگانہ سرمایہ داروں کے ہاتھوں کی کٹ پتلی بنا ہوا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کی تعمیر نو کے خلاف رچی جانے والے ہر سازش کا منھ توڑ جواب دینے کو ضروری قراردیا۔انہوں نے الکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بجائے سوشیل میڈیا سے اپنی وابستگی بڑھانے کی تلنگانہ کے نوجوانوں سے اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ مصرکا انقلاب سوشیل میڈیا کا مرہون منت ہے جس نے انقلابیو ںکو ایک پلیٹ فارم پر کھڑا کرنے کی راہیںہموار کی۔انہوں نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست کا بڑا حصہ بالخصوص نوجوان طبقہ مایوسی کاشکار ہورہا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک کی سب سے اہم کڑی عثمانیہ یونیورسٹی کے برہم تلنگانہ حامی طلبہ کے اندر اعتماد کی بحالی کو ضروری قراردیا۔ جناب ظہیرالدین علی خان نے کہاکہ جس طرح علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنانے کیلئے تلنگانہ کے تمام شعبوں اور طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کاکام کیا گیا تھا اسی طرح تلنگانہ کی تعمیر نو کے لئے بھی آپسی اتحاد اور تال میل وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیرمن تلنگانہ پریس اکیڈیمی مسٹر الم نارائنہ نے مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی مفادات حاصلہ کیلئے میڈیا کا استعمال نہایت افسوسناک عمل ہے۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست میںشعبہ صحت کو موثر بنانے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ تلنگانہ کی تعمیر نو میںمقامی میڈیا ہی اہم رول ادا کرسکتا ہے۔