تلنگانہ کی ترقی کے مقصد سے ٹی آر ایس میں شمولیت

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر(سیاست نیوز) کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے کھمم ضلع کے دو ارکان اسمبلی اور کانگریس کے تین ارکان قانون ساز کونسل نے آج ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ تقریب میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی موجودگی میں ان ارکان اسمبلی و کونسل نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ سکریٹری جنرل ٹی آر ایس ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے ان عوامی نمائندوں کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے ٹی آر ایس کا کھنڈوا پہنایا۔ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے وائیرا اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے مدن لال ، الندو اسمبلی حلقہ کے کانگریس رکن اسمبلی کے کنکیا اور کانگریس کے تین ارکان قانون ساز کونسل یادو ریڈی ، وینکٹ راؤ اور راجیشور راؤ شامل ہیں۔ کے سی آر نے ان قائدین کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ۔ اہم قائدین کی شمولیت کے موقع پر اگرچہ کے سی آر مخاطب کرتے رہے ہیں لیکن آج انہوں نے کوئی تقریر نہیں کی اور سینئر قائدین کے ذریعہ ان عوامی نمائندوں کو پارٹی میں شامل کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنی بعض مصروفیات کے سبب کے سی آر کو فوری روانہ ہونا تھا جس کے باعث انہوں نے تقریر نہیں کی۔ اس تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ ریاستی وزراء ہریش راؤ ، این نرسمہا ریڈی ، رکن پارلیمنٹ کے کویتا ، رکن قانون ساز کونسل ، محمد سلیم اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کے سبب ہی سنہرے تلنگانہ کی تشکیل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ تمام طبقات کی بھلائی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اسی لئے انہوں نے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کی بہبود سے متعلق قلمدان اپنے پاس رکھے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں چندر شیکھر راؤ سے تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے عوامی نمائندوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے قائدین کا ٹی آر ایس میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ دیگر پارٹیوں کے عوامی نمائندوں کی شمولیت باعث مسرت ہے، اس سے تلنگانہ میں پارٹی مستحکم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی پالیسیوں سے متاثر ہوکر مختلف جماعتوں کے قائدین ٹی آر ایس کا رخ کر رہے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید قائدین کی شمولیت یقینی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کے سی آر حکومت کے عوامی فلاحی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ہر شعبہ میں تلنگانہ کو ایک مثالی ریاست کی حیثیت سے ترقی دے گی۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ کھمم ضلع میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا صفایا ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مخالف تلنگانہ پالیسی کے سبب اس کے تلنگانہ قائدین ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ نرسمہا ریڈی نے مختلف جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں حکومت سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور خاص طور پر کھمم ضلع میں ٹی آر ایس مستحکم ہوئی ہے۔ ایم ایل سی راجیشور راؤ اور وینکٹ راؤ نے بھی چندر شیکھر راؤ کی پالیسیوں کی ستائش کی اور کہا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی کے مقصد سے ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آنے والے برسوں میں ہر شعبہ میں ترقی کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں چندر شیکھر راؤ کی پالیسیوں کو مکمل تائید حاصل ہے اور ٹی آر ایس ایک مستحکم حکومت کے ساتھ عوام کی خدمت کریگی۔ اس موقع پر عوامی نمائندوں کے حامی کثیر تعداد میں موجود تھے۔