تلنگانہ کی ایک اور چھلانگ

فروغ تجارت میں اولین مقام ، آندھراپردیش بھی سرفہرست
حیدرآباد ۔ 31 اکتوبر ۔ ( سیاست نیوز) عالمی بنک اور مرکزی وزارت کامرس کی جانب سے ملک میں تجارت میں آسانی پیدا کرنے والی ریاستوں کی فہرست میں تلنگانہ کو سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ گزشتہ ایک سال میں 12 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے پہلا مقام حاصل کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر نے مسرت و اطمینان کا اظہار کیا ۔ عالمی بنک اور مرکزی وزارت کامرس ہر سال ملک کے مختلف ریاستوں میں تجارت کیلئے آسانی پیدا کرنے والی ریاستوں کو نشانات دیتے ہوئے مقامات جاری کرتی ہے ۔ جاریہ سال 98.78 نشانات حاصل کرتے ہوئے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش نے سرفہرست مقام حاصل کیا ہے ۔تیسرے مقام پر گجرات اور چوتھے مقام پر چھتیس گڑھ پانچویں مقام مدھیہ پردیش ، چھٹواں مقام ہریانہ ، ساتویں مقام پر جھارکھنڈ ، 8 ویں مقام راجستھان ، نواں مقام اُتراکھنڈ اور  دسواں مقام مہاراشٹرا کو حاصل ہوا ہے ۔ گزشتہ سال اس فہرست میں تلنگانہ 13 ویں مقام پر تھی جو ایک سال میں اپنی پالیسیوں ، منصوبوں سے 12 مقامات کی چھلانگ لگا کر پہلے مقام پر آگئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کو سرفہرست مقام حاصل ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں حکومت کی خدمات اور تجارت کو فروغ دینے والے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام ، تجارتی سرگرمیوں کی حکومت مکمل حوصلہ افزائی و تعاون کررہی ہے ۔ عالمی بنک اور مرکزی وزارت کامرس نے 340 شعبوں کے رہنمایانہ اُصول کاجائزہ لیتے ہوئے رینکنگ دی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ان 340شعبوں کی نگرانی کرنے والے عہدیداروں کو مبارکباد دی ۔ حکومت کی شفاف پالیسیاں ، سنگل ونڈو سسٹم حصول اراضیات ، تعمیری منظوریاں ، خوشگوار و پرامن ماحول کی فراہمی وغیرہ پر ریاست تلنگانہ کو سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے جس پر چیف منسٹر کے سی آر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کی شفاف اور لکچدار صنعتی پالیسی کی وجہ سے مختصر عرصہ میں 2550 صنعتیں تلنگانہ میں قائم ہوئی ہیں۔ تلنگانہ کو تجارتی زمرے میں 13 ویں مقام سے پہلے مقام پر پہونچانے کیلئے دن رات کام کرنے والے عہدیداروں کو بھی چیف منسٹر نے مبارکباد پیش کی ۔ ریاست میں سرمایہ داروں کو راغب کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنے پر زور دیا ۔