تلنگانہ کیلئے کانگریس کے انتخابی منشور کی اپریل کے پہلے ہفتہ میں اجرائی

حیدرآباد ۔ 31 مارچ (آئی این این) تلنگانہ کانگریس منشور کمیٹی کے چیرمین ڈی سریدھر بابو نے آج اعلان کیا کہ آنے والے انتخابات کیلئے نئی ریاست کیلئے پارٹی کا منشور اپریل کے پہلے ہفتہ میں جاری کیا جائے گا۔ یہاں گاندھی بھون میں اگادی تقریب میں حصہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ منشور کمیٹی نے کانگریس ہائی کمان کو کئی تجاویز پیش کئے ہیں تاکہ انہیں منشور میں شامل کیا جائے۔ اس میں شامل ہے سماج کے مختلف طبقات کی ضرورت بالخصوص ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیتیں اور دیگر کمزور طبقات۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے منشور میں ایک جامع ڈیولپمنٹ پلان کا اعلان کیا جائے گا۔ سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں مضبوط اور مستحکم ہے اور اسے اقتدار حاصل ہوگا۔