تلنگانہ کو مرکز ی کابینہ کی منظوری پر آج آندھرا بند

تلنگانہ کو مرکز ی کابینہ کی منظوری پر آج آندھرا بند
مرکز نے 75 کے بجائے 25 فیصد عوام کی خواہش کا احترام کیا:وائی ایس آر کانگریس

حیدرآباد۔ 5؍دسمبر (سیاست نیوز)۔ تشکیل تلنگانہ کو کابینہ کی منظوری کے خلاف سیما۔ آندھرا علاقوں میں آج بند منایا جائے گا۔ اس بند کو مختلف متحدہ آندھرا حامی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ مرکزی کابینہ کی جانب سے علیحدہ ریاست تلنگانہ بِل کے مسودہ کو منظوری دئے جانے پر متحدہ آندھرا کے حامیوں نے شدید ردعمل کا اظہار شروع کردیا ہے۔ مرکزی کابینہ کی جانب سے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی منظوری کے اعلان کے ساتھ ہی صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے 75 فیصد عوام کے جذبات کا خیال نہیں کیا اور 25 فیصد کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔ جگن موہن ریڈی نے ریاست کی تقسیم کی فیصلہ کے خلاف سیما۔ آندھرا عوام سے کل بند منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف وائی ایس آر کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ 6 دسمبر کو سیما۔ آندھرا بند کے اعلان کے بعد وائی ایس آر کانگریس قائد مسز وائی ایس وجیا لکشمی کی مجوزہ بھوک ہڑتال بھی ملتوی کردی گئی ہے۔ آندھرا پردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے بھی مرکزی کابینہ کے فیصلہ کو مخالف عوام قرار دیتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے تحفظ کے لئے کوئی گنجائش فراہم نہیں کی گئی ہے اور عوامی جذبات و احساسات کو ملحوظ نہیں رکھا گیا ہے۔ اشوک بابو نے جو اطلاعات فراہم کی ہیں، اس کے مطابق اے پی این جی اوز اپنے معلنہ پروگرام پر عمل آوری کرے گی اور ان پروگرامس میں شدت پیدا کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے قائدین پر بھی دباؤ ڈالا جائے گا۔ آندھرا پردیش این جی اوز کی جانب سے 6 دسمبر کو سیما۔ آندھرا بند کی کھل کر تائید یا مخالفت کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے جس سے اے پی این جی اوز کی جانب سے اختیار کردہ موقف واضح ہوتا ہے کہ اے پی این جی اوز فوری طور پر کوئی احتجاجی منصوبہ نہیں رکھتے۔ مخالف تلنگانہ ارکان پارلیمان، مرکزی وزراء، ریاستی وزراء کے علاوہ ارکان اسمبلی و ارکان قانون ساز کونسل کی جانب سے مرکز کے فیصلہ کے خلاف بطور احتجاج مستعفی ہونے کے امکانات کے متعلق بتایا گیا کہ حکومت ہر زاویہ سے حالات کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کے سیاسی بحران سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ متحدہ ریاست کے حامیوں کی جانب سے سیما۔ آندھرا علاقوں میں 6 دسمبر کو بند منانے کے علاوہ بڑے پیمانے پر ریالیاں منظم کی جائیں گی اور مرکز کے فیصلہ کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔ سرکاری ملازمین نے بھی کل بند منانے کا اعلان کیا ہے۔