تلنگانہ کا حصول کسی ایک سیاسی جماعت یا قائد کی تحریک کا نتیجہ نہیں

یوم تاسیس تلنگانہ جوش و خروش سے منانے کی اپیل ، تلگو دیشم قائد ایم نرسمہلو کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ عوام 2 جون یوم تاسیس تلنگانہ کو تہوار کی طرح منائیں اور جشن کا ماحول رکھیں ۔ تلگو دیشم قائد مسٹر ایم نرسمہلو نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ یوم تاسیس تلنگانہ کا جوش و خروش سے اہتمام ہونا چاہئے تاکہ حصول تلنگانہ کے لیے کی گئی کوششوں اور جدوجہد کا اظہار ہوسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کی جانب سے 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا جائے گا اور ان تقاریب میں راست عوام کی حصہ داری ہوگی ۔ تلگو دیشم قائد نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کسی ایک سیاسی جماعت یا قائد کی تحریک کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل ریاست کے 4 کروڑ عوام کے خواب لاکھوں ملازمین کی جدوجہد ، سینکڑوں نوجوانوں کی قربانیوں اور ہزاروں طلبہ کی ہڑتالوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ریاست کے لیے جو کوششیں 1969 سے کی جارہی ہیں ۔ ان کوششوں کو خراج پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔

مسٹر ایم نرسمہلو نے بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش میں جس طرح تلگو دیشم پارٹی نے ترقی کے عمل کو تیز کرتے ہوئے ریاست کو عالمی سطح پر ایک نئی شناخت فراہم کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ اسی طرح آئندہ انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی ریاست تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ کی ہر شعبہ میں ترقی کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 2 جون کو تہوار کی طرح منائیں اور امن و بھائی چارگی کے پیغام کو عام کریں ۔ مسٹر ایم نرسمہلو نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی تحریک کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے نوجوانوں کو خراج پیش کرے گی اور ان کے افراد خاندان کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کرے گی ۔ مسٹر نرسمہلو نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کی مجموعی ترقی کے لیے ایک قابل عمل لائحہ عمل طئے کیا گیا ہے اور اس لائحہ عمل پر عمل آوری کا موقعہ ملنے پر تلگو دیشم تلنگانہ کی ترقی کی مثال پیش کرے گی ۔۔