امتحانات میں بے قاعدگیوں کی تردید تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ II

امتحانات شفافیت کے ساتھ منعقد کئے گئے ، وقفہ سوالات میںٹی ناگیشور راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 30۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے گروپ II امتحانات کے انعقاد میں بے قاعدگیوں کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کانگریسی ارکان کے سوال کا چیف منسٹر کی جانب سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ گروپ II امتحانات شفافیت کے ساتھ منعقد کئے گئے ہیں اور ان میں بے قاعدگیوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں مکمل قواعد کے مطابق ہی امتحانات منعقد کئے تھے ۔ تاہم بعض امور ہائی کورٹ میں زیر دوران ہیں۔ ہائی کورٹ کے قطعی فیصلے کے فوری بعد نتائج جاری کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ II امتحانات کے سلسلہ میں عدالت نے جو تفصیلات طلب کی ہیں ، انہیں پیش کردیا گیا ہے۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ حکومت نے مختلف محکمہ جات میں تقررات کے سلسلہ میں جو وعدہ کیا ہے ، اس پر عمل کیا جارہا ہے ۔ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کے کئی اعلامیہ جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک ایک لاکھ 12 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ جاری کئے ہیں۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ طلبہ کی جانب سے کسی احتجاج کے بغیر حکومت نے تقررات کا عمل شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گروپ II امتحانات میں دھاندلیوں کو ثابت کیا گیا تو حکومت دوبارہ انعقاد کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کے مخالف بعض عناصر نے ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کئے ہیں۔ان کا تعلق امیدواروں سے نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک سرویس کمیشن کیجانب سے ہائی کورٹ میں مکمل ریکارڈ داخل کردیا گیا ہے۔ عدالت کا جو بھی فیصلہ ہوگا ، اس کے مطابق نتائج جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جات برقی ، تعلیم ، پنچایت راج ، سماجی بھلائی ، پولیس ، آر ٹی سی ، صحت اور سنگارینی کالریز میں تقررات کیلئے اعلامیے جاری کئے جاچکے ہیں۔ ناگیشور راؤ نے بتایا کہ ہائیکورٹ میں گروپ II امتحانات میں شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں کے سرٹیفکٹس کی جانچ اور فہرست پیش کرنے کی ہدایت دی ہے جس کے مطابق ہائی کوٹ نے فہرست داخل کردی گئی ۔ کانگریس کے رکن سمپت کمار نے امتحانات میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ لاکھوں بیروزگار نوجوانوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ لہذا گروپ II امتحانات دوبارہ منعقد کیا جائے۔کانگریس کے رکن رام موہن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے ایک لاکھ 7 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کیا تھا لیکن اس وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی۔