تلنگانہ و سیما آندھرا میں بلٹ ٹرین سرویس شروع کرنے کا وعدہ

مدارس کے طلبا کو بس پاس ‘ ریاستی سطح پر اسلامی بینک کا قیام ‘ تلنگانہ شہیدوں کو 10 لاکھ تک مالی امداد ‘ تلگودیشم کا منشور

حیدرآباد۔31مارچ ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آج عام انتخابات کیلئے پارٹی انتخابی منشور جاری کیا ۔ انہوں نے دو ریاستوں کیلئے علحدہ منشور جاری کیا اور بتایا کہ تلگودیشم کا مقصد دونوں ریاستوں میں ترقی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کے پاس ریاست کے تمام طبقات کی ترقی کیلئے بہترین منصوبہ اور نظریہ ہے جبکہ دیگر جماعتیں نظریات سے عاری ہیں ۔ مسٹر نائیڈو نے دونوں ریاستوں کیلئے جاری منشور میں اقلیتوں و پسماندہ طبقات کی ترقی کو شامل رکھا ہے ۔ دونوں علاقوں کی ترقی کیلئے بلٹ ٹرین متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے ۔ تلگودیشم کے انتخابی منشور میں اقلیتوں کو بلاسودی قرض کی فراہمی کے علاوہ دینی مدارس کے طلبہ کو بس پاس اور اسکالرشپس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ تلگودیشم نے دونوں ریاستوں میں اقتدار کی صورت میں ریاستی سطح پر اسلامک بینک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ صدر تلگودیشم نے بتایا کہ پارٹی کی ترجیح دونوں ریاستوں کی ترقی ہے اسلے پارٹی نے دو علحدہ منشور جاری کئے ہیں لیکن تلگو عوام کو متحد رکھنا پارٹی کی ترجیح میں شامل ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے بتایا کہ سیما آندھرا میں تلگودیشم اقتدار آنے پر صنعتی راہداری قائم کرکے ساحلی علاقے کو فروغ دے گی ۔ اسی طرح دونوں ریاستوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے موٹر پمپس کسانوں کو فراہم کئے جائیں گے تاکہ کسانوں کو درپیش برقی مسائل کی یکسوئی کی جاسکے ۔ انہوں نے اقتدار حاصل ہونے پر بیلٹ شاپس کے خاتمہ کا اعلان کیا ۔ مسٹر نائیڈو نے بتایا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے تلگودیشم اقدامات کریگی ۔ دونوں ریاستوں میں انصاف رسانی کے عمل کو بہتر بنانے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے خلاف سیاسی جدوجہد کو ناگزیر قرار دیا اور کہاکہ تلگودیشم بدعنوانیوں کے خاتمہ کے عہد کی پابند ہے۔ اس موقع پر آر چندر شیکھر ‘ نریندر ریڈی‘ مدوکرشنما نائیڈو ‘ سومی ریڈی چندر موہن ریڈی و دیگر موجود تھے ۔ صدر تلگودیشم نے بتایا کہ تلگودیشم نے اپنے منشور میں دونوں ریاستوں میں انفارمیشن ٹکنالوجی راہداری ‘ میگافوڈ پارک کے علاوہ تمام دیہی علاقوں تک وائی فائی کی سہولت کو وسعت دینے کے علاوہ ہائی پاؤر بینڈوتھ اور فائبر آپٹک سے مربوط کرنے کا منصوبہ تیار کر رکھا ہے ۔

مسٹر نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم دونوں ریاستوں میں مذہبی سیاحت کو فروغ دے گی اور بنکنگھم کے طرز پر دونوں ریاستوں کے صدر مقام کو بلٹ ٹرین سے مربوط کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ علاوہ ازیں ریاست میں پارچہ جات کی تیاری کی صنعت کو فروغ دینے کا بھی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کے متعلق بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دینے والوں کے افراد خاندان کو 10لاکھ روپئے تک کی مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اقتدار میں آنے کی صورت میں علحدہ ریاست کیلئے زندگیاں قربان کرنے والوں کو مجاہد آزادی کا درجہ دیا جائے گا ۔ صدر تلگودیشم نے تلنگانہ میں پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائد کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام پسماندہ طبقات کی ترقی کو یقینی بنانا تلگودیشم کا مقصد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو مختص کردہ سرکاری اراضیات کو باقاعدہ بنایا جائے گا ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم اقتدار میں آنے پر تہذیبی و ثقافتی سیاحت کے علاوہ صحت اور مذہبی سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا ۔ تلگودیشم ہر ضلع کو ہوائی سفر سے مربوط کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کے صدر مقام کو ترقی دے گی ۔