تلنگانہ و اے پی کے عازمین ممبئی سے جدہ روانہ ، ہندوستان سے عازمین کی روانگی کا عمل مکمل

عازمین عمرہ کی سعادت کے بعد ایام حج کے منتظر ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔29۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے 83 عازمین حج آج ممبئی سے جدہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ لمحہ آخر میں ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ منتخب ہونے والے ان عازمین کیلئے سعودی ایرلائینس نے ممبئی سے پرواز کا اہتمام کیا تھا۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک ، مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ کے ویٹنگ لسٹ سے منتخب عازمین کیلئے ممبئی سے دو خصوصی پروازوں کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی حج کمیٹی نے 83 عازمین کی ممبئی روانگی کا اہتمام کیا تھا اور آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ 62 عازمین حج ممبئی روانہ ہوئے تھے۔ باقی عازمین اپنے طور پر ممبئی پہنچے۔ حج کمیٹی نے عازمین حج کے ساتھ ان کے ایک ایک رشتہ دار کو بھی ممبئی لیجانے کا انتظام کیا۔ ہر بس میں میڈیکل ٹیم اور حج کمیٹی کے ملازمین کو ساتھ رکھا گیا تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری مدد کی جاسکے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 62 عازمین حج نے ممبئی کے حج ہاؤز میں قیام کیا جبکہ دیگر اپنے طور پر ٹھہرے رہے۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں سعودی ایرلائینس کی پرواز سے 42 عازمین حج جدہ کیلئے روانہ ہوگئے جبکہ مابقی عازمین حج شام کی فلائیٹ سے روانہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان سے حج کمیٹی کے عازمین کی روانگی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ اسی دوران اننت پور اور چتور کے 15 عازمین حج جنہیں بنگلور سے روانہ ہونا تھا، کرناٹک حج کمیٹی نے ان کی ممبئی سے روانگی کا انتظام کیا ، اس طرح یہ عازمین بھی آج ممبئی سے جدہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تمام عازمین نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی ہے اور وہ ایام حج کے انتظار میں ہیں۔ انہوں نے عازمین حج کے ساتھ موجود خادم الحجاج سے ربط قائم کرتے ہوئے عازمین کی خیریت اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام عازمین حج خیریت سے ہیں اور انڈین حج مشن ان کے لئے بہتر انتظامات کر رہا ہے۔ ممبئی میں عازمین حج کے آخری قافلہ کی روانگی کے موقع پر اگزیکیٹیو آفیسر ریاستی حج کمیٹی جناب ایم اے حمید موجود تھے اور انہوں نے ممبئی حج ہاؤز میں عازمین کے قیام سے لیکر ان کی روانگی تک انتظامات کی شخصی طور پر نگرانی کی۔