تلنگانہ و اے پی کے حجاج کرام کی مدینہ منورہ آمد

انتظامات پر حجاج کا اظہار اطمینان ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/30ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے حجاج کرام کے جملہ 11 قافلے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ آج جمعہ کے دن 3 قافلے مدینہ منورہ روانہ ہوئے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ سے حجاج کرام کے قافلوں کی مدینہ منورہ روانگی کا عمل 2 اکٹوبر کو مکمل ہوجائے گا اور 4 اور 5 اکٹوبر کی درمیانی شب سے قافلوں کی حیدرآباد واپسی شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ میں حجاج کرام کیلئے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور حجاج کرام بھی انتظامات سے مطمئن ہیں۔ خادم الحجاج نے حج کمیٹی کو اطلاع دی ہے کہ حجاج کرام مسجد نبویؐ میں خصوصی عبادتوں اور روضہ اقدسؐ پر حاضری کا شرف حاصل کررہے ہیں۔ تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور پہلے قافلہ کے حجاج واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے قافلے جس ترتیب سے روانہ ہوئے تھے اسی ترتیب سے ان کی واپسی ہوگی۔ ابتدائی 4 قافلے تلنگانہ کے حجاج پر مشتمل ہوں گے جبکہ بعد میں آندھرا پردیش اور پھر آخر میں کرناٹک کے حجاج کی واپسی ہوگی۔ پہلا قافلہ 5 اکٹوبر کی صبح 3 بجکر 35منٹ پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ 6 اکٹوبر کو ایک قافلہ جبکہ 7 اکٹوبر کو 2 اور 8 اکٹوبر کو 4 قافلے وطن واپس ہوں گے۔ 9 اور 10 اکٹوبر کو 2،2 اور 11اکٹوبر کو 3 قافلے وطن واپس ہوں گے۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیدار کل ہفتہ کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے حج ٹرمنل کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ روانگی کی طرح واپسی کے موقع پر بھی حج ٹرمنل میں بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کا جی ایم آر نے تیقن دیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی پہلے قافلہ کا استقبال کریں گے۔ اسی دوران مکہ مکرمہ میں پولیس کی تحویل میں موجود حیدرآبادی حاجی کی رہائی کے سلسلہ میں فی الحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے تاہم پروفیسر ایس اے شکور نے اُمید ظاہر کی کہ بہت جلد سعودی حکام حاجی کی رہائی کا فیصلہ کریں گے۔ ہندوستانی سفارتی عہدیدار اور حج مشن کے عہدیدار بھی سعودی حکام سے اس سلسلہ میں ربط میں ہیں۔