تلنگانہ و آندھرا پردیش میں تلگو دیشم پارٹی کو مستحکم کرنے کا فیصلہ

اقلیتوں کے مسائل پر بھی خصوصی توجہ ، این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں دونوں ریاستوں کے اقلیتی قائدین کا اجلاس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اور آندھرا پردیش ریاستوں کی تشکیل کے باوجود دونوں ریاستوں میں تلگو دیشم پارٹی کو نچلی سطح تا ریاستی سطح پر مستحکم و مقبول عام بنانے کے ساتھ ساتھ اقلیتی مسائل کی یکسوئی کے لیے متحدہ جدوجہد کرنے کا تلنگانہ و آندھرا پردیش ریاستوں کے تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیلس نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا اور تلگو دیشم پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں دونوں ریاستوں کے اقلیتوں ( مسلمانوں ) سے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے کا صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے پر زور مطالبہ کیا ۔ آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیلس کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی اقلیتی قائدین نے آندھرا پردیش کابینہ میں فی الفور ایک مسلم وزیر کو شامل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیل تلنگانہ و آندھرا پردیش کا اجلاس مسٹر محمد ساجد خاں صدر تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیل کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ مسٹر محمد افضل علی جنرل سکریٹری تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیل نے اجلاس کی کارروائی چلائی ۔ مسرس محمد احمد شریف جنرل سکریٹری تلگو دیشم پارٹی سابق وزیر و سینئیر قائد تلگو دیشم پارٹی ڈاکٹر خلیل باشاہ ، محمد یونس اکبانی ، محمد یونس ، سکریٹریز ریاستی تلگو دیشم پارٹی امیر بابو سابق صدر تلگو دیشم پارٹی اقلیتی سیل نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ ان قائدین نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے اس یقین کا اظہار کیا کہ صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اقلیتوں کو دئیے گئے تیقنات کو پورا کریں گے ۔ تلگو دیشم پارٹی اقلیتی قائدین نے ریاست آندھرا پردیش میں انتخابات کے موقع پر اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں (اقلیتوں ) سے جو بھی وعدے کئے انہیں پورا کرنے کے لیے عاجلانہ اقدامات کرنے ، تلگو دیشم پارٹی میں ایک طویل عرصہ سے وابستہ رہتے ہوئے پارٹی کو مستحکم بنانے میں اپنی گرانقدر خدمات انجام دینے والے اقلیتی قائدین تلگو دیشم پارٹی کو آندھرا پردیش ریاست میں نامزد عہدوں پر مناسب نمائندگی دینے کے علاوہ تلنگانہ ریاست میں بھی مرکزی حکومت کی جانب سے نامزد کئے جانے والے عہدوں پر فائز کروانے کے لیے اقدامات کرنے کا صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے پر زور مطالبہ کیا ۔ اس اجلاس میں تلگو دیشم پارٹی کے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے سینئیر اقلیتی قائدین مسرس محمد عبدالروف ، ایس اے رشید خاں ، ظہیر الدین ثمر ، محمد یوسف الدین ، حسین باشاہ ، نذیر احمد ، محترمہ پروین تاج ، سید افسر ، محمد غوث و دیگر قائدین نے شرکت کی اور اپنا اظہار خیال کیا۔۔