تلنگانہ و آندھرا پردیش کے خادم الحجاج کی ممبئی میں ٹریننگ

پروفیسر ایس اے شکور کی آج ممبئی روانگی ، فلائٹ شیڈول پر نظر ثانی کے لیے نمائندگی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش کے خادم الحجاج کی کل ممبئی میں مرکزی حج کمیٹی کے زیر اہتمام ایک روزہ ٹریننگ مقرر ہے جس کے دوران ان خادم الحجاج کو سفر حج سے لے کر وطن واپسی تک تمام مراحل میں حجاج کرام کی مدد و رہنمائی کے مختلف مراحل کی جامع ٹریننگ دی جائے گی اور ان کو اہم امور سے واقف کروایا جائے گا ۔ اس ٹریننگ کے لیے دونوں ریاستوں کے خادم الحجاج ممبئی روانہ ہوچکے ہیں ۔ دونوں ریاستوں سے اس سال جملہ 19 خادم الحجاج منتخب ہوئے ہیں جن میں 12 تلنگانہ سے اور سات آندھرا پردیش ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس ٹریننگ پروگرام میں شرکت کے لیے اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کل صبح ذریعہ طیارہ ممبئی روانہ ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس دورہ کے موقعہ پر وہ مرکزی حج کمیٹی اور ایرانڈیا حکام سے حیدرآباد امبارکشین پوائنٹ کے فلائٹ شیڈول پر نظر ثانی کے لیے نمائندگی بھی کریں گے کیوں کہ جو شیڈول دیا گیا ہے اس کے مطابق حج ہاوز میں بیک وقت کئی فلائٹس کے عازمین حج کے قیام کے انتظامات ایک چیلنج سے کم نہیں ہیں ۔ اس لیے ضروری ہے کہ حج کیمپ کی مدت میں اضافہ کیا جائے اور ایک دن میں صرف دو فلائٹ رکھے جائیں ۔ حال ہی میں حیدرآباد میں ایر انڈیا کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طیاروں کی روانگی اور واپسی کے دوران وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے اور کوئی فلائٹ لیٹ نہ ہو ، کسی حاجی کا سامان گم نہ ہو اور زم زم کے کیان فیری فلائٹس کے ذریعہ پہنچائے جائیں تاکہ حجاج کرام کو ان کی واپسی کے ساتھ ہی ایرپورٹ پر زم زم حوالے کیا جائے ۔۔