تلنگانہ و آندھرا پردیش ملازمین کی تقسیم کیلئے مشترکہ کمیٹی کی تشکیل کا مشورہ

دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز کی سکریٹری وزارت داخلہ سے نمائندگی پر تجویز
حیدرآباد۔/31جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف سکریٹریز نے آج نئی دہلی میں سکریٹری وزارت داخلہ انیل گو سوامی سے ملاقات کی۔ چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما اور چیف سکریٹری آندھرا پردیش آئی وی کرشنا راؤ نے مرکزی وزارت داخلہ کو اپنی اپنی ریاستوں کو درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ خاص طور پر ملازمین کی تقسیم اور بعض دیگر اداروں کی تقسیم میں تاخیر جیسے اُمور کی عاجلانہ یکسوئی کی خواہش کی گئی۔ مرکزی معتمد داخلہ نے دونوں ریاستوں کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا تیقن دیا ہے۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سکریٹری تلنگانہ راجیو شرما نے کہا کہ مقامی ہونے کی بنیاد پر ملازمین کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ ملازمین کے مقامی ہونے کا پتہ چلانے کیلئے حکومت نے رہنمایانہ خطوط مدون کئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمین کی تقسیم میں مقامی ہونا اولین شرط ہوگی اور اس میں کسی تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ برقی ملازمین کی تقسیم کے مسئلہ پر معتمد داخلہ سے بات چیت ہوئی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے بتایا کہ یہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر دوران ہے اور حکومت نے اس مسئلہ کا جائزہ لینے کیلئے علحدہ کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ برقی ملازمین کی تقسیم کا عمل دونوں ریاستوں میں اتفاق رائے کے ذریعہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ معاملہ نہ صرف عدالت میں زیر دوران ہے بلکہ ملازمین کے درمیان اس مسئلہ پر اتفاق رائے پیدا ہونا مشکل ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد ہی تلنگانہ حکومت اس مسئلہ پر غور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملازمین کا تعلق آندھرا سے ہے تو ان کی مقامیت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں ریلیو کردیا جائے گا۔ معتمد داخلہ نے دونوں ریاستوں کو تجویز پیش کی کہ وہ ملازمین کی تقسیم کے مسئلہ پر مشترکہ کمیٹی تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر آندھرا پردیش حکومت کا استدلال ناقابل قبول ہے۔