تلنگانہ و آندھراپردیش کے عازمین حج کی مارچ میں قرعہ اندازی

سنٹرل حج کمیٹی سے شیڈول جاری، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین حج کی قرعہ اندازی 5 مارچ کو مقرر ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے اس سلسلہ میں قرعہ اندازی کا جو شیڈول تیار کیا ہے اس کے مطابق 3 ریاستوں میں قرعہ اندازی 5 مارچ کو ہوگی جن میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے علاوہ جموں کشمیر بھی شامل ہے۔ بتایا جاتاہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے 31 اضلاع میں مسلم آبادی کی تفصیلات حکومت سے حاصل کرنے کیلئے مکتوب روانہ کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق اگر 31اضلاع میں مسلم آبادی کی تفصیلات حاصل ہوجائیں تو قرعہ اندازی ضلع واری سطح پر ہوگی بصورت دیگر سابقہ 10 اضلاع یا پھر ریاستی سطح پر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال اضلاع میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے اور اسی اعتبار سے قرعہ اندازی کی جاتی ہے۔ تلنگانہ میں چونکہ اضلاع کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے 31 کیا گیا لہذا حج کمیٹی کے پاس نئے اضلاع میں مسلم آبادی کی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ ریاستی حج کمیٹی مرکز سے اس بات کی درخواست کرے گی کہ قرعہ اندازی ریاستی سطح پر کی جائے تاکہ تمام عازمین کے ساتھ انصاف ہوسکے۔ گزشتہ سال حیدرآباد سے 12000 درخواستیں داخل کی گئی تھیں اور صرف 500نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ جبکہ اضلاع سے 5000 درخواستیں داخل ہوئیں اور 2200 نشستیں اضلاع کو الاٹ ہوئی تھیں۔ جن اضلاع میں مسلم آبادی کم ہے وہاں تمام درخواست گذار از خود منتخب ہوجاتے ہیں۔ حج کمیٹی کے پاس سابقہ 10 اضلاع میں مسلم آبادی کی تفصیلات موجود ہیں لیکن اس بنیاد پر قرعہ اندازی کی صورت میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں لہذا ریاستی سطح پر قرعہ اندازی کی سفارش کی جارہی ہے۔ تاہم قطعی فیصلہ سنٹرل حج کمیٹی کرے گی۔ اگر حکومت کی جانب سے مارچ تک نئے اضلاع میں مسلم آبادی کی تفصیلات حاصل ہوجائے تو پھر اسی بنیاد پر ضلع واری قرعہ اندازی کی جائے گی۔ ملک کی بعض ریاستیں ایسی ہیں جہاں ریاستی سطح پر قرعہ اندازی کی مثال موجود ہے۔