تلنگانہ میں گرمائی تعطیلات کے بعد یکم جون سے سرکاری مدارس کا آغاز

حکومت کے پروفیسر جئے شنکر بڈی باٹا پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامات
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں مدارس کو گرمائی تعطیلات کے ختم ہونے کے ساتھ ہی یکم جون سے تمام سرکاری مدارس کا باقاعدہ طور پر دوبارہ آغاز ( کشادگی عمل میں لانے ) کردینا چاہئے کیوں کہ ریاست تلنگانہ میں ریاست بھر میں 4 جون تا 12 جون تک ’ پروفیسر جئے شنکر بڈی باٹا ‘ ( اسکول کا راستہ ) پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم مسٹر ٹی وجئے کمار نے یہ بات کہی اور بتایا کہ بڈی باٹا ( اسکول کا راستہ ) پروگرام کے ذریعہ تمام سرکاری مدارس میں طلباء کو شریک کروانے اور طلباء کی تعداد میں اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ مسٹر وجئے کمار نے بڈی باٹا ( اسکول کا راستہ ) پروگرام کو بڑے پیمانے پر کامیاب بنانے کی تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو سخت ہدایات دیں اور اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر احکامات بھی جاری کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ 3 جون تک بڈی باٹا پروگرام سے متعلق ضلع کلکٹروں کے ساتھ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں سے تال میل برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم اجلاس طلب کرلینے کی بھی ہدایات دیں ۔ ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم نے بتایا کہ 2 جون کو یوم تاسیس ریاست تلنگانہ کے موقعہ پر دسویں جماعت میں 10/10 جی پی اے حاصل کرنے والے طلباء وطالبات اور ان کے والدین کو اہم شخصیتوں کی موجودگی میںان مدارس میں تقریب کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے تہنیت پیش کرنے کی تمام متعلقہ مدارس کے ہیڈ ماسٹرس کو بھی ہدایات دی گئی ہیں ۔ اس طرح ان تہنیتی تقاریب کو بھی بڑے پیمانے پر کامیاب بنانے کے اقدامات کرنے کی پر زور خواہش کی ۔ ریاستی کمشنر محکمہ تعلیم نے مزید بتایا کہ ریاستی سطح پر منعقد کئے جانے والے بڈی باٹا پروگرام کو صبح 7 بجے شروع کرنے اور 11 بجے دن ختم کردیا جانا چاہئے ۔ علاوہ ازیں مدارس میں پائے جانے والے مسائل کے تعلق سے شکایات کرنے طلباء کو معلوم رہنے کے لیے ہر اسکول میں نوٹس بورڈ پر ٹول فری نمبر 18004253525 پر تحریر کر رکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بڈی باٹا پروگرام میں کس دن کونسا پروگرام منظم کیا جانا چاہئے مکمل تفصیلات پر مشتمل ضروری ہدایات تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو روانہ کردئیے گئے ہیں ۔۔