تلنگانہ میں ڈینگو اور دیگر وبائی امراض پر اظہار تشویش

ہیلت ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ ، کانگریس ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل سدھاکر ریڈی نے ریاست میں ڈینگو اور دیگر وبائی امراض کے پھیل جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری ہیلت ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ آج سکریٹریٹ کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے کہا کہ ساری ریاست وبائی امراض کی لپیٹ میں ہے ۔ تمام سرکاری و خانگی ہاسپٹلس سے عوام علاج کیلئے رجوع ہورہے ہیں ۔ ضلع کھمم میں صورتحال انتہائی نازک ہے ۔ موضع بوناکل میں 20 سے زائد افراد وبائی امراض اور ڈینگو کا شکار ہوئے ہیں ۔ وقت پر مناسب علاج نہ ہونے کی وجہ سے غریب عوام پریشان ہیں وہ ایک ماہ قبل ہی چیف منسٹر کے سی آر ، ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی اور ضلع کھمم کے کلکٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وبائی امراض پھٹ پڑنے کے تعلق سے واقف کراچکے تھے تاہم حکومت اور سرکاری مشنری نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی جس کے نتیجے میں سارا تلنگانہ وبائی امراض کی لپیٹ میں آگیا ہے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ حکومت اب ہوش میں آئی ہے ۔ جنگی خطوط پر اقدامات کرتے ہوئے طبی خدمات انجام دینے کے بجائے جائزہ اجلاس تک محدود رکھا گیا ۔ سدھاکر ریڈی نے عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہیلت ایمرجنسی نافذ کر نے کے علاوہ ڈاکٹرس اور دوسرے طبی عملے کی رخصت منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈیوٹی پر رجوع ہونے کے احکامات جاری کرنیکا مطالبہ کیا ۔۔