تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کے محرم انتظامات مثالی

ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی کا دورہ الاوہ بی بی ، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 31 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میںنئی حکومت کے باوجود بہتر انداز میں محرم انتظامات انجام دینے کا یقین دلاتے ہوئے نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے کہاکہ وقف بورڈ کی علیحدگی میںتاخیر اور نئی حکومت ہونے کے باوجود ٹی آر ایس نے بہتر انداز میں محرم انتظامات کی تکمیل کی ذمہ داری اٹھائی ہے ۔ آج یہاں تلنگانہ حکومت کی جانب سے الاوہ بی بی دبیرپورہ پر حاضری اور ڈھٹی کی پیش کش کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عاشور خانوں کے منتظمین اور ریاستی انتظامیہ کے ذمہ دار محکموں کے درمیان رابطے کی کمی کے سبب محرم انتظامات کے کاموں میں تاخیر ضرور ہوئی ہے مگر محرم انتظامات کے متعلق کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں برتی گئی۔ جناب الحاج محمد محمود علی نے آئندہ سال مزید بہتر انتظامات کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی مسٹر کے چندرشیکھر رائو اور کن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کویتا پچھلے دس سالوں سے بی بی کے الاوہ پر حاضری دیکرعلیحدہ ریاست تلنگانہ کی عاجلانہ تشکیل کے لئے دعائیں مانگ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ آئندہ ریاستی حکومت کی جانب سے عاشور خانوں کو فراہم کی جانے والی گرانڈ کا بھی قبل از وقت انتظام کرنے کا وعدہ کیا۔ الاوہ بی بی کے متولی نے متعلقہ پولیس حکام کی جانب سے روڈ میاپ فراہم کرنے میں تاخیر کی شکایت کی جس پر انہوں نے ڈی سی پی ساوتھ زون سے ربط قائم کرتے ہوئے متعلقہ پولیس انسپکٹر کے ذریعہ الاوہ بی بی کی درخواست روانہ کی اور ڈی سی پی ساوتھ کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اندرون بارہ گھنٹے الاوہ بی بی جلوس کا روڈ میاپ الاوہ بی بی کمیٹی کو جاری کیا جائے تاکہ انتظامات کو بہ خوبی انجام دیا جاسکے۔اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین شبیر احمد انچارج یاقوت پورہ‘ ظہور الدین یوسفی‘ عبدالحق قمر‘ محمد ذیشان‘ رحیم اللہ خان نیازی‘نواب میر حیدر علی خان‘ عبدالمقید چندہ‘ محترمہ شاہین افروز انچارج چندرائن گٹہ کے علاوہ دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ متولی الاوہ بی بی جنا ب علی الدین عارف نے نائب وزیر اعلی کو امام ضامن باندھا اور ڈھٹی کا نذرانہ بھی پیش کیا۔