تلنگانہ میں میڈیکل شاپس بند رہے

حیدرآباد 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ میں تقریباً 25 ہزار میڈیکل شاپس آج بند رہے۔ ادویات کی خریدی کے سلسلے میں سخت قواعد کے خلاف بطور احتجاج ملک گیر سطح پر آج بند منایا گیا۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ ڈرگسٹس اینڈ کیمسٹس اسوسی ایشن آر سرینواس نے بتایا کہ ہاسپٹلس میں جہاں مریض شریک ہیں، پائے جانے والے میڈیکل شاپس کو خصوصی استثنیٰ دیا گیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ آج تمام میڈیکل شاپس بند رہے اور مستقبل کے لائحہ عمل کا آل انڈیا آرگنائزیشن آف کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس کی عاملہ کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہم آن لائن ادویات کی فروخت اور مرکز کی جانب سے متعارف کئے گئے ای پورٹل سسٹم کے خلاف ہیں۔ اِس کے تحت ادویات کی فروخت کو اپ لوڈ کرنا ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز کی تجویز کے مطابق ایلوپیتھی میڈیکل شاپس کا رجسٹریشن کروانا ہوگا ۔ دواؤں کی کمپنیوں ، ڈاکٹرس اور فارماسیز کوبھی اپنا اندراج کرانا ہوگا۔ اِس طرح کے لازمی رجسٹریشن کیلئے کافی وقت درکار ہوگا دیہی علاقوں میں عام طور پر انٹرنیٹ کی سہولت نہیں رہتی۔ اُنھوں نے حکومت کے سخت قوانین کی مذمت کی اور اِسے ختم کرنے پر زور دیا۔