تلنگانہ میں مہا کوٹمی کی کامیابی سے ایک نئی تاریخ مرتب کرنے پر زور

تلگودیشم امیدواروں کو بہرصورت کامیاب ہونے کا مشورہ ، چندرا بابو کا قائدین کے ساتھ خطاب
حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں پر واضح کردیا کہ بہرصورت ریاست تلنگانہ میں عظیم اتحاد کی کامیابی کے ذریعہ ایک نئی تاریخ مرتب ہوگی اور اس نئی تاریخ کو مرتب کرنا بہت ضروری ہے ۔ تاکہ ریاست میں عظیم اتحاد کی کامیابی کا ملک گیر سطح پر مثبت اثر مرتب ہوسکے ۔ وہ آج صبح امراوتی سے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آندھراپردیش میں کسانوں کے دیڑھ لاکھ روپئے قرض معاف کیاگیا ۔ جبکہ تلنگانہ میں صرف ایک لاکھ روپئے ہی قرض معاف کیا گیا ۔ اس مسئلہ کو عوام میں مناسب انداز میں پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ تلنگانہ میں ڈاکرا خواتین کو ایک روپئے بھی نہیں دیا گیا ۔ جبکہ آندھراپردیش میں ہر ڈاکرا خواتین کو دس ہزار روپئے فراہم کئے گئے ۔ اسی طرح آندھراپردیش میں خانگی شعبہ جات میں کم از کم دس لاکھ افراد کو فائدہ پہونچایا گیا اور تلنگانہ میں دس لاکھ کے منجملہ دو لاکھ افراد کو بھی فائدہ حاصل نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش میں حکومت کی جانب سے کسانوں کو دئے گئے تیقنات کی روشنی میں کسانوں کے خودکشی واقعات بالکلیہ طور پر رک گئے لیکن تلنگانہ میں حکومت کی ناکامی کے باعث پانچ ہزار سے زائد کسانوں کے خودکشی واقعات پیش آئے ۔ کسانوں کے ان خودکشی واقعات پر اپنے گہرے دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ابتداء سے ہی دولت مند ریاست تھی ۔ لیکن آج ساڑھے چار سال میں ہی لاکھوں کروڑ روپیوں کے قرض حاصل کرنے والی ریاست میں تبدیل ہوگئی ۔ جبکہ آندھراپردیش خسارہ بجٹ رکھتے ہوئے بھی بڑے پیمانے پر تیز رفتاری کے ساتھ ترقی حاصل کر رہی ہے ۔

چندرا بابو نائیڈو نے قائدین و کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں عظیم اتحادی امیدواروں کی کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگاتے ہوئے کام کریں ۔ تاکہ اس کے مثبت نتائج حاصل ہوسکیں ۔ ریاست میں عظیم اتحاد کی کامیابی تلگودیشم پارٹی قائدین کی کامیابی تصور کی جائے گی اور آئندہ اس کے مثبت فوائد پارٹی قائدین و کارکنوں کو حاصل ہوں گے ۔ صدر تلگودیشم نے وجیا نگرم میں دھرماپوراٹم جلسہ کے کامیاب انعقاد پر پارٹی مسرت کا اظہار کیا ۔ غفلت برتنے والے پارٹی قائدین کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔ چندرا بابو نے کہا کہ مسلم اقلیتوں میں تلگودیشم کے تعلق سے پائے جانے والے ا عتماد کو برقرار رکھنے کے اقدامات کرنے کی تلگودیشم قائدین و کارکنوں کو ضروری ہدایت دیں ۔ علاوہ ازیں تلگودیشم کے سینئیر قائد و رکن پارلیمان مسٹر سوچنا چودھری کی قیامگاہ و کمیٹیوں پر انکم ٹیکس عہدیداروں کے دھاوؤں کو انتقامی کارروائی قرار دیا ۔