تلنگانہ میں مسلمانوں کو سیاسی و معاشی تحفظات کے وعدے

ٹی آر ایس عمل آوری کا آغاز کرے: عوامی مجلس عمل

حیدرآباد۔/30مارچ، ( راست ) جناب مجاہد ہاشمی معتمد عوامی مجلس عمل نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک میں مسلمان کسی سے پیچھے نہیں۔ اس تحریک میں سب سے پہلے اپنی جان دینے والا مسلم نوجوان ہی ہے۔ آندھرائی حکمرانوں نے مسلمانوں کو سیاسی، معاشی ، تعلیمی غرض زندگی کے ہر شعبہ میں زبردست نقصان پہنچایا۔ سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کا تناسب نہیں کے برابر ہے۔ اردو زبان کو ختم کرنے کے منصوبے پر عمل کیا گیا۔ حکومت کی اسکیمات سے مسلمانوں کو کبھی استفادہ کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ مسلم اکثریتی حلقوں کو محفوظ حلقوں میں تبدیل کردیا گیا۔ مسلمانوں کے ساتھ اس ناانصافی کا ٹی آر ایس سربراہ نے اقرار کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کے ازالہ کا وعدہ کیا تھا۔ اب جبکہ تلنگانہ بن چکا ہے ان وعدوں پر عمل آوری کے آغاز کا وقت آچکا ہے جبکہ کے سی آر کسی مسلم کو ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دینے کے علاوہ اہم وزارتیں دینے کا وعدہ کرچکے ہیں۔ان وعدوں پر عمل آوری کیلئے انتخابات میں مسلمانوں کو پارٹی ٹکٹ دینا ضروری ہے۔