تلنگانہ میں مزید 3 ہزار عازمین کے سفر مقدس کی توثیق کا امکان

اضافی کوٹہ آبادی کے اعتبار سے تقسیم کیا جائے گا: ڈاکٹر مقصود احمد خاں
حج کوٹہ میں اضافہ

حیدرآباد۔27فروری(سیاست نیوز) ہندستانی عازمین حج کے اضافی کوٹہ کی تقسیم اندرون ایک ہفتہ کردی جائے گی اور ریاست تلنگانہ کو مزید1200تا1500 اضافی عازمین حج کا کوٹہ حاصل ہوگا۔ ڈاکٹر مقصود احمد خان چیف ایکزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نے روزنامہ سیاست سے خصوصی بات چیت کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ جن ریاستوں میں ویٹنگ لسٹ موجود ہے ان ریاستوں کو آبادی کے تناسب کے اعتبار سے اضافی شدہ حج کوٹہ تقسیم کیا جائے گا جس میں توقع ہے کہ 1200تا1500 کا کوٹہ ریاست تلنگانہ کو حاصل ہوگا۔ ڈاکٹر مقصود احمد خان نے بتایا کہ ملک کی کئی ریاستوں اترپردیش‘مدھیہ پردیشن ‘ تلنگانہ ‘ مہاراشٹر‘ کیرالہ اور گجرات میں میں ویٹنگ لسٹ موجود ہے اور اسے دیکھتے ہوئے ان ریاستوں میں کوٹہ کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مردم شماری 2011کی آبادی کے تناسب کے مطابق ہی ریاستوں کو ان کا حصہ دیا جائے گا۔ چیف ایکزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نے بتایا کہ جن ریاستوں میں ویٹنگ لسٹ نہیں ہے وہاںکوٹہ کی حوالگی کا سوال ہی نہیں ہے کیونکہ جہاں درخواست گذارہی نہیں ہیں ان ریاستوںمیں کوٹہ کی تخصیص کا کوئی حاصل نہیں ہے اسی لئے ان ہی ریاستوں میں 25ہزار کا کوٹہ آبادی کے تناسب کے اعتبار سے تقسیم کیا جائے گا جن ریاستوں میں ویٹنگ لسٹ کے عازمین موجود ہیں۔ ڈاکٹر مقصود احمد خان نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کو سفر حج منسوخ کرنے والوں کے کوٹہ کے علاوہ اضافی کوٹہ جو حاصل ہوگا

اس سے 3000 تک کی ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو سفر حج کی سعادت حاصل ہونے کی توقع ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے آن لائن قرعہ اندازی کے بعد پہلی اور دوسری قسط کی ادائیگی کے سلسلہ میں تواریخ کا اعلان کردیا گیا تھا اور پہلی قسط کی ادائیگی کی تاریخ میں توسیع بھی فراہم کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود جن منتخبہ عازمین حج نے پہلی قسط ادا نہیں کی ہے ان کے سفر حج کو منسوخ کردیا گیا ہے اور منسوخ شدہ کوٹہ بھی ویٹنگ لسٹ رکھنے والی ریاستوں میں آبادی کے تناسب کے اعتبار سے تقسیم کیا جائے گا۔ ملک کی کئی ریاستوں آندھرا پردیش‘ ٹمل ناڈو‘ بہار‘ جھارکھنڈ‘ دہلی اور دیگر میں ویٹنگ لسٹ نہ ہونے کے سبب ان کے حصہ کا کوٹہ بھی ان ریاستوں کو حاصل ہوگا جہاں ویٹنگ لسٹ موجود ہے۔ ڈاکٹر مقصود احمد خان نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے شفاف طریقہ سے عازمین حج کے انتخاب کو یقینی بنایا جارہا ہے اور کسی بھی درمیانی افراد کی سفارشات کو قبول نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے اضافہ کئے گئے 25ہزار عازمین کے کوٹہ میں 15000 کا کوٹہ مرکزی حج کمیٹی کو حاصل ہوگا جبکہ مابقی 10ہزار کا کوٹہ خانگی ٹور آپریٹرس کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔