تلنگانہ میں شدید بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ بشمول حیدرآباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے مانسون سرگرم ہے اس کی وجہ سے کئی مقامات پر اوسط سے تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں آج دن بھر موسم ابر آلود رہا اور وقفہ وقفہ سے ہلکی پھوار کا سلسلہ جاری تھا۔ موسمیات کی ایجنسی اسکائی میٹ کے بموجب مغربی ساحل کے قریب مانسون کے سرگرم ہونے کی بناء کئی علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عادل آباد میں 36 ملی میٹر، کھمم 31، نظام آباد26 ، راما گنڈم 10اور حیدرآباد میں 4.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں ماہانہ اوسط بارش پہلے ہی متجاوز ہوچکی ہے اور اب تک 111.2 ملی میٹر اوسط کے مقابلہ 202 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ حیدرآباد میں 27 جون تک فاضل پانی 62 فیصد اور تلنگانہ میں 54 فیصد ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔