تلنگانہ میں سرکاری تعلیمی نظام کو بہتر بنانے پر زور

غیر معیاری تعلیم سے خانگی تعلیم کو فروغ ، پروفیسر ہرا گوپال
حیدرآباد۔30ڈسمبر(سیاست نیوز) پروفیسرہرا گوپال نے تلنگانہ میںسرکاری تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے درکار اصلاحات کوروبعمل لانے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ آج یہاں نیو پریس کلب سوماجی گوڑ ہ میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرہرا گوپا ل نے کہاکہ سرکاری اسکولوں کے خراب تعلیمی نظام کی وجہہ سے ریاست میںخانگی ذریعہ تعلیم کوفروغ مل رہا ہے اور اسی وجہہ سے معاشی طور پر پسماندہ طبقات تعلیم سے محروم ہورہے ہیں۔ہراگوپال تحفظ تعلیم کمیٹی تلنگانہ کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہاکہ مرکز میں بی جے پی کے برسراقتدار انے کے بعد سے سرکاری تعلیم کو زیادہ نظر انداز کیاجانے لگا ہے اور  تعلیم کو زعفرانی رنگ دینے کی بھی کوشش کی جارہی ہے جس سے قومی سالمیت کے لئے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔ ہرا گوپال نے کہاکہ مرکزی اورریاستی حکومتوں کی جانب سے سرکاری تعلیمی نظام کو درکار مراعات سے محروم رکھنے کی سازش کے خلاف تحفظ تعلیم کمیٹی تلنگانہ کے زیر اہتمام ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں شعور بیدار ی کے لئے 3جنوری سے گول میز کانفرنسوں کا انعقاد عمل میںلایاجائے گا۔ ہرا گوپال نے کہاکہ مرکزی او رریاستی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ سرکاری تعلیمی نظام کوفروغ دینے میںدرکار اصلاحات کو روبعمل لایا جائے تاکہ ریاست تلنگانہ میں معاشی پسماندگی کے شکار خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کوتعلیم سے ہمکنار کیاجاسکے۔ صدر ودیا پریرکشنا کمیٹی تلنگانہ ڈی چکردھر رائو‘آرگنائزنگ سکریٹری لکشمی نارائنہ‘ وینکٹش راجو‘نرسمہا اور دیگر بھی اس موقع پر موجودتھے۔