تلنگانہ میں زونل سسٹم برخاست کرنے ملازمین یونین سے بات چیت

مقامی افراد کو ہی عہدے فراہم کرنے رہنمایانہ خطوط ، چیف سکریٹری کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے تمام ملازمین یونینوں کے ساتھ چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ مسٹر ایس پی سنگھ نے اجلاس طلب کیا اور زونل پالیسی کو منسوخ ( زونل سسٹم کو برخاست ) کرنے اور اس کے لیے رہنمایانہ خطوط کو قطعیت دینے کے لیے تمام ملازمین یونین قائدین سے تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس میں شریک یونین قائدین نے رائے کا اظہار کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نئے اقدام سے مقامی افراد کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں فراہم ہوسکیں گی ۔ یونین قائدین نے بھی چیف سکریٹری کو بتایا کہ ریاستی سطح کے عہدوں پر 90 فیصد تک مقامی افراد کو ہی مواقع فراہم کئے جانے چاہئے ۔ اس تعلق سے باقاعدہ طور پر شرائط اور قواعد و ضوابط مرتب کئے جانے چاہئے اور مقامی ہونے سے متعلق ثبوت کے لیے سابقہ ملکی قوانین ( قواعد و ضوابط ) از سر نو عمل آوری کو یقینی بنانا ہوگا ۔ اس موقعہ پر یونین قائدین نے چیف سکریٹری مسٹر ایس پی سنگھ سے فی الوقت آندھرا میں خدمات انجام دینے والے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو اندرون ایک ہفتہ ریاست تلنگانہ کو واپس طلب کرلینے کے لیے اقدامات کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔ چیف سکریٹری نے اس مطالبہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو واقف کرواتے ہوئے جلد سے جلد انہیں واپس طلب کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا تیقن دیا ۔۔