تلنگانہ میں ربیع کے سیزن کیلئے دھان کی خریداری کی تیاریاں

اپریل سے آغاز ۔3259مراکز کا ریاست بھر میں قیام
حیدرآباد30مارچ(یواین آئی ) کمشنر سیول سپلائزتلنگانہ سی وی آنند نے کہا ہے کہ آئندہ ربیع کے سیزن میں کسانوں سے دھان کی خریداری کے لئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ ربیع کے سیزن کا آغاز آئندہ ماہ سے ہونے والا ہے ۔انہوں نے عہدیداروں کو تجویز پیش کی کہ اس سلسلہ میں چوکس رہیں کیونکہ یہ لاکھوں کسانوں سے معاملت ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ تمام مناسب اقدامات کئے جائیں تاکہ یہ دیکھا جائے کہ اقل ترین امدادی قیمت پر دھان کی فروخت میں کسانوں کو کوئی مشکل نہ ہونے پائے۔انہوں نے سیول سپلائز بھون میں ربیع کے موسم کے لئے دھان کی خریداری کے مسئلہ پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر اقل ترین امدادی قیمت اور آن لائن معاملات پر کسانوں میں بیداری بیداری پیدا کرنے کے لئے ایک پوسٹر جاری کیا گیا۔سی وی آنند نے کہا کہ سیول سپلائز کے محکمہ میں ابتداء میں37لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کا فیصلہ کیا ہے ۔ اپریل میں12.74لاکھ میٹرک ٹن ‘ مئی میں 18.20لاکھ میٹرک ٹن اور جون میں5.46لاکھ میٹرک ٹن دھان کے حصول کی توقع ہے اس کے لئے 3259دھان کے حصول کے مراکز کا انتظام کیا گیا ہے ۔آئی کے پی کے 1081’پرائمری اگریکلچرل کواپریٹیو سوسائٹیز 1987اور 191دیگر کا انتظام کیا گیا ہے ۔ کمشنر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس بات کو یقین بنائیں کہ ضرورت پڑنے پر خریداری کے اضافی مراکز کا انتظام کیا جائے ۔