تلنگانہ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کا امکان

حیدرآباد ۔ یکم جون ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے انتباہ دیا ہے کہ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر 30 تا 40 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیںاور امکان ہے کہ گرج چمک بھی ہوگی ۔ 3 جون کو محکمہ موسمیات نے تلنگانہ میں کچھ مقامات پر شدید بارش کی بھی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ کے عہدیداروں نے کہا کہ آئندہ چند دن کے دوران گرج چمک اور ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ یہ سلسلہ 5 جون تک جاری رہ سکتا ہے ۔ ساتھ ہی عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ میں نکلنے سے بھی گریز کریں اور شدید گرمی میں بلا ضرورت باہر نکلنے سے پرہیز کیا جائے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہلکی سے اوسط بارش تلنگانہ میں کچھ قمامات پر ہوسکتی ہے اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ گرج چمک کا بھی امکان ہے ۔ حیدرآباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہوسکتا ہے اور ایک یا دو مرتبہ بارش یا گرج چمک بھی ہوسکتی ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 38 ڈگری اور اقل ترین 28 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ اس دوران گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تلاگانہ میں کچھ مقامات پر بارش بھی ہوئی ۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت 44.8 ڈگری سلسئیس نظام آباد میں ریکارڈ کیا گیا ۔