تلنگانہ میں تلگو دیشم کو مضبوط بنانے مساعی

چندرا بابو نائیڈو کا 2 نومبر کو دورہ حیدرآباد
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو 2 نومبر کو حیدرآباد اور 3 نومبر کو دہلی کا دورہ کریں گے ۔ واضح رہے کہ سربراہ تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کے بیرونی ممالک کے دوروں کے دوران تلنگانہ تلگو دیشم میں بحران پیدا ہوگیا تھا ۔ آج دہلی پہونچکر ریونت ریڈی کے بشمول کئی تلگو دیشم قائدین نے راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ تلنگانہ میں پارٹی کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لیے چندرا بابو نائیڈو نے 2 نومبر کو این ٹی آر ٹرسٹ بھون حیدرآباد میں تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کا توسیع اجلاس طلب کیا ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کو ٹیلی فون کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے سے روکا ہے ۔ وہ خود پارٹی قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ حال ہی میں گورنر نرسمہن کی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے ۔ حیدرآباد پہونچنے والے چیف منسٹر آندھرا پردیش راج بھون پہونچکر گورنر سے ملاقات کریں گے ۔ حیدرآباد میں شب بسری کے بعد 3 نومبر کو دہلی روانہ ہوں گے ۔ جہاں وہ کئی مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے اور مرکز سے جو فنڈز وصول طلب ہے اس کی عاجلانہ اجرائی کیلئے نمائندگی کرینگے ۔ پولاورم پراجکٹ پر بھی تبادلہ خیال کرنے کا قوی امکان ہے ۔۔