تلنگانہ میں ایمسیٹ 2016 کا 15 مئی سے قبل انعقاد

حیدرآباد 30 اپریل ( این ایس ایس ) تلنگانہ میں ایمسیٹ امتحان 2016 کے تعلق سے اولیائے طلبا کے اندیشوں کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے صدر نشین پائی ریڈی نے آج کہا کہ ایمسیٹ کا 15 مئی سے قبل انعقاد عمل میںلایا جائیگا ۔ یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاپی ریڈی نے کہا کہ ایمسیٹ کے شیڈول اور امتحان کی قطعی تواریخ کا ایک دو دن میں اعلان کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایمسیٹ امتحان مستقبل میں خانگی کالجس اور تعلیمی اداروں میں منعقد نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمسیٹ 2016 کا انعقاد سرکاری کالجس اور تعلیمی اداروں میں کیا جائیگا اور اس کیلئے مناسب انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ پاپی ریڈی نے کہا کہ سابق میں اعلان کیا گیا تھا کہ یہ امتحانات سابقہ معلنہ شیڈول کے مطابق ہونگے ۔ ریاستی حکومت نیٹ NEET پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے طلبا اور سرپرستوں کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ایمسیٹ کا کسی رکاوٹ کے بغیر انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ جو طلبا خانگی کالجس کے ذریعہ امتحان میں شرکت کر رہے ہیں انہیںبھی آن لائین ہال ٹکٹس جاری کئے جائیں گے ۔ مسٹر پاپی ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت اب مستقبل میں خانگی کالجس اور تعلیمی اداروں میں ایسے امتحانات کیلئے امتحانی مراکز قائم نہیں کریگی ۔