تلنگانہ میں اب تلگودیشم کا عروج ایل رمنا کا ردعمل

حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ایل رمنا نے ریونت ریڈی کو ’شیطان‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اب تلنگانہ میں تلگودیشم کا عروج ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ کوڑنگل کے ضمنی انتخابات میں ریونت ریڈی کو شکست دیتے ہوئے ریاست بھر میں تلگودیشم کو پھر ایک بار مستحکم کرنے کا آغاز کیا جائے گا۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایل رمنا نے کہاکہ چند قائدین کی وجہ سے تلگودیشم پارٹی کو کافی نقصان ہوا۔ جو قائدین پارٹی چھوڑنا چاہتے تھے، اب وہ جاچکے ہیں۔ اِس طرح تلگودیشم جو تلنگانہ میں زوال سے دوچار تھی وہ سلسلہ تھم جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلگودیشم ایک مؤثر کیڈر والی جماعت ہے۔ پارٹی میں نوجوانوں کو اہمیت دی جائے گی اور اُن کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے گا۔ تلگودیشم صدر چندرابابو نائیڈو سے ریونت ریڈی کی قربت این ٹی آر ٹرسٹ بھون کیلئے ایک گہن بن چکی تھی۔ اب یہ گہن دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر کو لگ چکا ہے۔ اِس سے کانگریس کا زوال اور تلگودیشم کا عروج ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریونت ریڈی نے اپنے ذاتی مفادات کے سلسلے میں راہول گاندھی سے دہلی میں ملاقات کرتے ہوئے پہلے ہی خفیہ مفاہمت کرلی تھی، آج صرف کانگریس میں شمولیت کا ڈرامہ کیا گیا ہے۔29 مارچ کے بعد اسمبلی حلقہ کوڑنگل میں عوامی بیالٹ کے ذریعہ فیصلہ سنایا جائے گا۔