تلنگانہ مسئلہ پر الجھن پیدا کرنے کا یو پی اے پر ممتا کا الزام

اتفاق رائے پیدا کرنے میں ہنوز تاخیر نہیں ہوئی : ارون جیٹلی بی جے پی قائد
پاناگڑھ ؍ نئی دہلی ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج یو پی اے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے تلنگانہ مسئلہ پر ’’الجھن‘‘ پیدا کردی ہے۔ انتخابات سے پہلے سبکدوش ہونے والی حکومت نے آندھراپردیش کی تقسیم کا فیصلہ کیا جس کو عوام نے پہلے ہی مسترد کردیا ہیکہ یہ ناقابل قبول ہے جس کے باوجود انتخابی قواعد کے پیش نظر یو پی اے نے ریاست کی تقسیم کا فیصلہ کرکے الجھن پیدا کردی۔ دریں اثناء نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب بی جے پی کے قائد ارون جیٹلی نے مرکز کی یو پی اے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے تلنگانہ مسئلہ پر سیاست کی ہے جس کے نتیجہ میں پارلیمانی کارروائی میں تعطل پیدا ہوا اور ناگوار مناظر دیکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھوتہ کا وقت اب بھی باقی ہے۔ تلنگانہ مسئلہ پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں ہنوز تاخیر نہیں ہوئی ہے۔ اتفاق رائے پیدا کرنے سے تلنگانہ کی تشکیل اور سیما ۔ آندھرا کے عوام کے اندیشوں کا ازالہ ممکن ہے۔ پارلیمنٹ میں جو واقعات پیش آئے اس سے جمہوریت بدنام ہوئی ہے۔