تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں سانپوں کی موجودگی سے سنسنی

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : (سیاست نیوز) : تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں دو سانپوں کے نظر آنے پر سنسنی پھیل گئی ۔ برسر اقتدار جماعت اور اپوزیشن کے درمیان گرما گرم مباحثہ میں مرکز توجہ رہنے والی عمارت کے احاطہ میں دو سانپوں نے میڈیا کی توجہ کو مبذول کروالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریبا آدھے گھنٹے تک دو سانپوں کے ناچ نے سنسنی پھیلادی ۔ اس وقت اسمبلی کے میڈیا ہال میں اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی میڈیا سے مخاطب تھے ۔ اس منظر کو میڈیا کے کیمروں نے قید کرلیا ۔ بعد ازاں اسینک سوسائٹی کو اطلاع دی گئی ۔ سوسائٹی کے ارکان فوری طور پر ریاستی اسمبلی کے احاطہ میں پہونچ گئے اور سانپوں کو پکڑ لیا اور اسمبلی میں موجود تمام افراد نے اطمینان کی سانس لی اسمبلی کے احاطہ میں سانپوں کے نظر آنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ۔ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ سانپ دیکھے گئے ہیں ۔۔