تلنگانہ قائدین کی ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات

حیدرآباد 30 نومبر ( آئی این این ) تلنگانہ کانگریس کے قائدین نے آج پارٹی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور ریاست میں تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈئ ‘ تلنگانہ اسمبلی و کونسل میں اپوزیشن کے قائدین کے جانا ریڈی و محمد علی شبیر کے علاوہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر ملو بٹی وکرامارکا نے ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی اور حالیہ ضمنی انتخاب میں پارٹی کے ناقص کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا ۔ کانگریس کو ورنگل حلقہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ آج کے اجلاس میں مجوزہ ایم ایل سی اور جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گے ۔ کہا گیا ہے کہ ڈگ وجئے سنگھ نے تلنگانہ کانگریس قائدین کو ہدایت دی کہ وہ نچلی سطح تک پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کریں۔ کہا گیا ہے کہ تلنگانہ پردیش کانگریس صدر نے ہائی کمان سے کہا کہ کانگریس پارٹی رنگا ریڈی ضلع سے اپنے بل پر ایم ایل سی نشست پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے ۔ تاہم اسے نلگنڈہ اور محبوب نگر اضلاع میں دوسری جماعتوں کی تائید درکار ہے ۔ انہوں نے تین حلقوں کے امکانی امیدواروں کی فہرست بھی پارٹی کو پیش کی ۔ ذرائع کے بموجب کانگریس نے رنگا ریڈی ضلع سے سابق رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کی رکنیت کو قطعیت دیدی ہے ۔