تلنگانہ ریاست کا پہلا یوم تاسیس ، جشن اردو منانے حکومت کا فیصلہ

مختلف پروگرامس منعقد ہوں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی محکمہ اقلیتی بہبود کو ہدایت
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر حکومت نے جشن اردو کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ 2 جون کو یوم تاسیس تقاریب منائی جائیں گی۔ نئی ریاست میں یہ پہلی تقاریب ہوں گی لہذا حکومت نے بڑے پیمانے پر مختلف پروگرام منعقد کرنے محکمہ جات کو ہدایت دی ہے ۔ تلگو زبان میں مختلف تہذیبی پروگراموں کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی کئی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جشن اردو یا جشن تلنگانہ کے عنوان سے مختلف پروگرام منعقد کریں۔ اقلیتی بہبود کے عہدیدار پروگراموں کی تیاری میں مصروف ہوچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جشن تلنگانہ کے تحت تلنگانہ تہذیب و تمدن پر قومی سمینار منعقد کیا جائے گا جس میں حیدرآباد اور ملک کے دیگر ریاستوں سے دانشوروں کو مدعو کیا جائے گا ۔ کل ہند مشاعرے کے انعقاد کی تجویز ہے جس میں چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ ملک کے علاوہ بیرونی ملک اور خاص طور پر پاکستان سے نامور شعراء کو مدعو کیا جائے ۔ نامور غزل سنگر کے ساتھ شام غزل کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں کسی نامور فنکار کی تلاش جاری ہے ۔ حکومت نے قوالی کے اہتمام کی بھی ہدایت دی ہے جس میں ملک کے نامور قوال مدعو کئے جائیں گے جو اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ ان پروگراموں کے انعقاد کے سلسلہ میں درکار بجٹ کی اجرائی سے چیف منسٹر نے اتفاق کیا ہے۔ اقلیتی بہبود کے عہدیدار ان پروگراموں کیلئے موزوں مقام کی تلاش میں ہے ۔ تلگو للت کلا آڈیٹوریم ‘رویندرا بھارتی ‘نمائش میدان یا پھر چومحلہ پیالس میں ان پروگراموں کے انعقاد پر غور کیا جارہا ہے ۔