تلنگانہ ریاست میں 15 ہزار سے زائد سرکاری ملازمتوں پر عنقریب تقررات

نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد فارمس کا ادخال ، دکن ریڈیو میں ایم اے حمید کی معلومات
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : حکومت تلنگانہ مختلف محکمہ جات میں 15 ہزار 522 سرکاری ملازمتوں پر تقررات کے لیے عنقریب اعلامیہ جاری کرے گی ۔ 34 مختلف پوسٹ کی 3 ہزار سے زائد جائیدادوں کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ I ، گروپ II اور گروپ III کے امتحانات ہوں گے ۔ اندرون ایک ہفتہ 800 جائیدادوں کے تقررات کا کمیشن اعلان کررہی ہے ۔ محکمہ پولیس میں سب انسپکٹرس اور کانسٹبلس کی 9 ہزار جائیدادوں کے لیے پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے تحت بھرتی ہوگی اور محکمہ برقی میں انجینئرس اور سب انجینئرس کی 3 ہزار جائیدادوں کے لیے ڈی ایس سی کے تحت امتحانات ہوں گے ۔ ان معلومات کو دکن ریڈیو کے راست نشریہ پروگرام میں ایم اے حمید نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا اور دن بھر ریکارڈ کئے گئے سوالات کے علاوہ دوران پروگرام پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات دئیے ۔ تلنگانہ سے متعلق سوالات کو ہر پرچہ میں شامل کیا جارہا ہے ۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اعلامیہ ( نوٹیفیکیشن ) کی اجرائی کے بعد پوسٹ اس کے لیے تعلیمی قابلیت اہلیت کو دیکھتے ہوئے فارمس داخل کریں ۔ آج کے پروگرام میں متلاشیان روزگار لڑکے لڑکیوں نے بے شمار سوالات کئے جن کے جوابات ان کی اہلیت کے مطابق دئیے گئے ۔ صدیقہ فاطمہ نے بڑی عمدگی کے ساتھ سوالات کو مرتب کیا ۔ فہیم انصاری ، محمد منیر ، صفورہ نے معاونت کی ۔ آخر میں صدیقہ فاطمہ نے شکریہ ادا کیا ۔۔