تلنگانہ ریاستی ایوارڈس کا اعلان اردو ادب میں پروفیسر محمد علی اثر کا انتخاب

حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے 2 جون تلنگانہ یوم تاسیس کے سلسلہ میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر ریاستی سطح کے ایوارڈس کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ایوارڈ کے لیے 48 مختلف شخصیتوں کا انتخاب کیا گیا ۔ اردو صحافت اور اردو ادب کے لیے علی الترتیب مقیت فاروقی اور پروفیسر محمد علی اثر کے نام کا اعلان کیا گیا ۔ سکریٹری کلچر نے آج ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا اعلان کیا ۔ ایوارڈ کے تحت ایک لاکھ 116 روپئے ، شال ، توصیفی سند اور مومنٹو دیا جائے گا ۔ پریڈ گراونڈ پر 2 جون کی تقاریب میں یہ ایوارڈس چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں دئیے جائیں گے ۔ صحافت کے زمرہ میں جملہ 7 اور ادب میں 4 ایوارڈس دئیے جارہے ہیں ۔ اقلیتی طبقہ کے صرف 2 افراد کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ۔ دیگر زمرہ جات میں کھیل کود ، تعلیم ، سائنٹسٹ ، قانون داں ، ڈاکٹر ، آرٹ اینڈ تھیٹر کلاسیکل میوزک ، ڈانس ، ٹیچر ، سماجی کارکن اور دوسرے زمرہ جات شامل ہیں ۔۔