تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی عمارت کیلئے کے ٹی آر کے ہاتھوں سنگ بنیاد

ووٹنگ مشینس کیلئے وسیع ہال اور ملازمین کے کوارٹرس بھی تعمیراتی منصوبہ میں شامل
حیدرآباد ۔ 29اگست ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج یہاں گچی باؤلی میں تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن آف تلنگانہ عمارت کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا ۔ اس عمارت کی تعمیر 7.25کروڑ روپیوں کے مصارف سے مکمل کی جائے گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی نے کہا کہ اس مقام پر نہ صرف تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن آفس تعمیر کی جائے گی بلکہ اسٹاف کوارٹرس بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں اسٹیٹ الیکشن کمشنرک ی رہائش گاہ بھی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تمام تعمیرات 17 کروڑ کے مصارف سے مکمل کئے جائیں گے جبکہ پہلے مرحلہ میں 7.25کروڑ روپیوں کے مصارف سے تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن آفس عمارت مکمل کی جائے گی اور اس عمارت کی تکمیل پر اسٹیٹ الیکشن کمیشن آفس میں 25ہزار مربع گز پر مشتمل تعمیر کئے جانے والے ہال میں الکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایمس ) کو محفوظ رکھا جاسکے گا ۔ کمشنر تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ اس عمارت میں سیاسی قائدین کے ساتھ اجلاس وغیرہ طلب کرنے کیلئے خصوصی کانفرنس ہال بھی تعمیر کیا جائے گا ۔ اس سنگ بنیاد تقریب میں مسرس بی مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ ‘ جے کرشنا راؤ وزیر پنچایت راج ‘ گاندھی رکن اسمبلی ‘ ایس پی سنگھ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ پنچایت راج و دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے ۔