تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات

بسوں کی خریدی کیلئے رقمی منظوری، چیف منسٹر کا مستحسن اقدام، پی مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) وزیرٹرانسپورٹ مسٹر پی مہندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ مسٹر مہیندر ریڈی آج یہاں پریس کانفرنس کو مخاطب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے 334 کروڑ کے خسارے میں چلائے جانے والی کارپوریشن کو فوری امداد کے طور پر 250 کروڑ روپئے جاری کیا تھا تاکہ کارپوریشن کو ہونے والے نقصانات کی پابجائی کی جاکر مسافرین کو درپیش مسائل کو دور کیا جاسکے اور کہا کہ علاوہ ازیں چیف منسٹر نے کارپوریشن کو مزید 150 کروڑ روپئے کی رقمی منظوری دے دی ہے جس سے 400 پلے ویلوگو بسوں اور 100 اے سی بسوں کی خریدی کی جارہی ہے تاکہ ریاست تلنگانہ کے آر ٹی سی مسافرین کو کارپوریشن کی جانب سے سفر کو آرام دہ بناتے ہوئے عوام کو بہتر سے بہتر خدمات اور مسافرین کو درکار تمام اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مسٹر ریڈی نے ڈپو منیجرس اور ریجنل منیجرس کو ہدایت دی کہ وہ کم اخراجات میں زیادہ نفع حاصل کرتے ہوئے آر ٹی سی کو خسارہ سے محفوظ رکھتے ہوئے نفع کی سمت گامزن کریں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے حدود میں جملہ 94 بس ڈپوز ہیں جہاں پر جملہ 10,459 آر ٹی سی بسیں موجود ہیں جن کے ذریعہ ہر روز 91 ہزار مسافرین آر ٹی سی بسوں سے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ آر ٹی سی کارپوریشن کے حدود میں واقع صرف 6 بس ڈپوز ہی فی الوقت نفع میں چل رہے ہیں جبکہ 10 بس ڈپوز ایسے ہیں جو گذشتہ نفع میں چل رہے تھے جو اس وقت خسارہ میں چلائے جارہے ہیں۔ مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راؤ تلنگانہ آر ٹی سی کو مزید ترقی دیتے ہوئے مسافرین کیلئے جدید عصری آر ٹی سی بسوں کی فراہمی کے علاوہ بس اسٹیشنوں میں مسافرین کو تمام اہم بنیادی سہولتیں مہیا کرنے کی بھرپور مساعی کررہے ہیں اور کہا کہ ریاست کے ہر موضع تک آر ٹی سی بس کو چلاتے ہوئے عوام کو خانگی گاڑیوں میں سفر کرنے سے نجات دلانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائرکٹر اے پی ایس آر ٹی سی مسٹر سامبا شیوا راؤ، ڈائرکٹر ویجلنس اے پی ایس آر ٹی سی ڈاکٹر وینکٹ راما راؤ، جوائنٹ ڈائرکٹر اے پی ایس آر ٹی سی مسٹر رمنا راؤ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے تلنگانہ آر ٹی سی کارپوریشن کے تمام ڈپوز منیجرس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بعدازاں وزیرٹرانسپورٹ کے ہاتھوں ڈپوز کی ترقی اور نفع میں بہترین کارکردگی انجام دینے والے ڈپو منیجرس میں نقد اور ایوارڈس اور توصیف نامے عطا کئے گئے۔