تلنگانہ حکومت کی ناقص کارکردگی کے خلاف احتجاجی پروگرام

2 جون کو مخدوم بھون میں جلسہ ، پریس کلب پر سمینار ، سی پی آئی سکریٹری کا بیان
حیدرآباد۔31مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کی یومِ تاسیس تقریب کے موقع پر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے ریاست بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد عمل میںلایا جائے گااور حکومت تلنگانہ کی دوسالہ کارکردگی کی خامیوں کو عوام کے سامنے پیش بھی کیاجائے گا۔تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری سی پی ائی چاڈا وینکٹ ریڈی نے پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںمنعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی ریاستی یونٹ کے زیر اہتمام 2جون کو مخدوم بھون میںپارٹی اور تلنگانہ پرچم کشائی کے بعد دھوم دھام پروگراموںکا انعقاد عمل میںلایا جائے گا بعد ازاں دوپہر میں بشیر باغ پریس کلب میں تلنگانہ حکومت کی دوسالہ کارکردگی پر ایک سمینار منعقد کیاجائے گاجس میںسابق ایم ایل سی پروفیسر ناگیشوار رائو مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ انتخابات سے قبل تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میںحکومت تلنگانہ پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میںصرفخاص ‘ سرکاری اور وقف اراضیات کے متعلق حکومت کا تذبذب غریب اور بے گھر افراد کی مشکلات میںاضافہ کررہے ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی اور غریبوں کو مفت رجسٹریشن کی سہولیت جیسے اعلانات تو کررہی ہے مگر اپنے اعلانات کوعملی جامعہ پہنانے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے مذکورہ اراضیات کے تحفظ میںحکومتی سطح پر اٹھائے جارہے اقدامات کے متعلق وائٹ پیپر جاری کرنے اوراس ضمن میںایک کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا بھی چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو سے مطالبہ کیا۔ چاڈاوینکٹ ریڈی نے پالمور ‘ رنگا ریڈی آبپاشی پراجکٹ کے متعلق چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس آر سی پی صدر جگن موہن ریڈی کے رویہ کو قابلِ افسوس قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی مخالفت میںیہ دونوں قائدین اپنی تمام حدیں پارکرچکے ہیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے مزیدکہاکہ حالانکہ تلگودیشم پارٹی اور وائی ایس آر سی پی تلنگانہ میں بھی اپنی سیاسی زمین تلاش کررہی ہے اور ایسے ماحول میں تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹ میںرکاوٹیںکھڑا کرنا ان دونوں سیاسی جماعتوں کے لئے نقصاندہ ثابت ہوگا۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے مزیدکہاکہ تلگودیشم پارٹی سربراہ اپنی پارٹی کو قومی سطح پر لے جانے کی کوشش کررہے ہیں لہذا انہیںچاہئے کہ وہ تمام ریاستوں کے ساتھ یکساں رویہ اپنائیں۔چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ چندرا بابو نائیڈو اور جگن موہن ریڈ ی کوچاہئے کہ وہ حکومت تلنگانہ کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے تلنگانہ آبپاشی پراجکٹ کے مخالفت کرنا بند کریں۔ انہوں نے پالمور ‘ رنگاریڈی آبپاشی پراجکٹس کے متعلق ریاستی وزیرآبپاشی ٹی ہریش رائو کے رویہ کو قابلِ افسوس قراردیا۔ انہو ں نے کہاکہ دونوں ریاستوں کے قائدین کی ہٹ دھرمی کا خمیازہ تلنگانہ کی عوام بھگت رہی ہے ۔