تلنگانہ حکومت مالی بحران سے دوچار

صرف بلند بانگ دعوے، عوام کو راشن کارڈس تک فراہم نہیں کئے گئے : کشن ریڈی
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) قائد بی جے پی مقننہ پارٹی مسٹر جی کشن ریڈی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس زیرقیادت تلنگانہ حکومت مکمل طور پر مالی بحران سے دوچار ہوچکی ہے اور محض حکومت تلنگانہ کے بغیر سوچے سمجھے پروگراموں و پالیسیوں کی وجہ سے ہی حکومت کو مالی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جی کشن ریڈی نے کہاکہ مرکزی حکومت کے منظورہ این آر ای جی ایس (قومی دیہی روزگار طمانیت اسکیم) رقومات کو حکومت تلنگانہ نے اپنی متعارف کردہ اسکیمات بالخصوص کاکتیہ، ہریتا ہارم و دیگر پروگرام کو روبہ عمل لانے کے لئے استعمال کیا۔ انھوں نے حکومت تلنگانہ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ صرف زبانی جمچ حرچ وعدے اور اعلانات کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو نہ صرف گمراہ کیا جارہا ہے بلکہ دھوکہ دیا جارہا ہے جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس زیرقیادت حکومت تشکیل پائے زائداز ڈھائی سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن آج تک کم از کم عوام کو نئے راشن کارڈس فراہم نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں غریب عوام کو راشن کے حصول میں کافی مشکلات و مصائب سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ مسٹر کشن ریڈی نے کہاکہ آئندہ چند دنوں میں عوام کو دیئے جانے والے نئے راشن کارڈس پر خود چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر بھی طبع کروانے کا جی کشن ریڈی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں حیدرآباد کے اطراف پائے جانے والے سات اضلاع کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے لئے صد فیصد مرکزی فنڈس کے ذریعہ ’’انر رنگ روڈ‘‘ (Inner Ring Road) کی تعمیر عمل میں لائی جاسکتی ہے لیکن اس کے لئے اراضیات حاصل کرنے کا حکومت تلنگانہ سے کشن ریڈی نے مطالبہ کیا اور کہاکہ محض ریاست میں اراضی فراہم نہ کئے جانے کی وجہ سے آج ریاست تلنگانہ میں ’’ایمس‘‘ (آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس) کا قیام عمل میں نہیں لایا جاسکا۔ انھوں نے مزید کہاکہ ایم ایم ٹی ایس (ریلوے) کے کاموں کے لئے محض ریاستی حکومت اپنے حصہ کی رقم منظور و جاری نہ کرنے کی وجہ سے زبردست تاخیر ہورہی ہے۔ قائد بی جے پی مقننہ پارٹی نے مزید کہاکہ ان تمام حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ عوام آئندہ انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت حکومت کو بہتر سبق سکھائیں گے۔