تلنگانہ جنا سمیتی کا دس نکاتی انتخابی منشور کی اجرائی

شفاف حکومت، طبی سہولت، پانچ لاکھ ملازمتیں، بے روزگاری بھتہ اور معذورین کی فلاح و بہبود شامل

حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی نے دس نکات پر مبنی قابل عمل تیقنات کے ساتھ اپنا انتخابی منشور مرتب کرکے جاری کیا ہے اور اس انتخابی منشور میں بتایا گیا کہ ریاست تلنگانہ کے عوام کو بہتر و شفاف حکومت کی فراہمی، عوام کو سماجی انصاف کی فراہمی، معیاری و عصری تعلیمی و طبی سہولتوں کی فراہمی، ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ جنا سمیتی اپنے تیقن کے مطابق مرحلہ وار اساس پر کم از کم پانچ لاکھ ملازمتوں کی فراہمی کے علاوہ بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بے روزگاری بھتہ کی فراہمی، ریاست میں کسانوں کو ان کی کاشت پر نفع بخش قیمتوں کی فراہمی ریاست میں عوامی حقوق قوانین پر مؤثر عمل آوری کے علاوہ ریاست میں جاری رشوت ستانی کا مکمل تدارک کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے، اختیارات کو غیر مرکوز کرنا، آبادی کے تناسب سے رقومات مختص کرنے کے اقدامات، خواتین کو خود اختیار بنانے، خواتین کی فلاح و بہبود کے علاوہ ریاست میں خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے ریاست تلنگانہ میں درج فہرست اقوام و قبائیل، پسماندہ طبقات اور معاشی طور پر پسماندہ اقلیتی طبقات کی فلاح و بہبود، ان طبقات کے لئے فراہم کردہ تحفظات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے، جسمانی معذورین کی فلاح و بہبود اور انھیں مناسب ٹریننگ کی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ مالی امداد فراہم کرنے، شراب کا انسداد، بیلٹ شاپس کا مکمل طور پر تدارک کرنے، بین مذہبی شادیوں کی ہمت افزائی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجوزہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ جنا سمیتی مذکورہ دس نکات پر مبنی انتخابی منشور کے ساتھ عوام کے درمیان جائے گی۔