تلنگانہ آٹو ڈرائیورس کا جلسہ تعزیت ، جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں مقتول کی بیوہ کو رقمی امداد کی فراہمی

مقتول آٹو ڈرائیور آنند کی اہلیہ کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔29اپریل (سیاست نیوز) قومی یکجہتی کے فروغ میں ریاست حیدرآباد کے عوام اپنے سینوں میںتڑپتا دل رکھتے ہیں۔ ریاست حیدرآباد کے مرہٹواڑہ‘ کرناٹک علاقوں کے عوام پر کسی بھی قسم کی مصیبت آنے پر امداد کے لئے سب سے پہلے حیدرآباد کن کے عوام نے لبیک کا نعرہ لگایا ہے اور آگے بھی حیدرآباد کے لوگ ریاست حیدرآباد کے اٹوٹ حصہ مرہٹواڑہ اور کرناٹک کی عوام کے لئے امداد کے سلسلے کو جاری رکھیںگے۔ آج یہاں بشیر باغ پریس کلب میں تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی کے زیر اہتمام بیڑ مہاراشٹرا کے ساکن اٹوڈرائیور کی یاد میںمنعقدہ تعزیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مدیر اعلیٰ روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان ان خیالات کا اظہا ر کررہے تھے۔ واضح رہے کہ اپنے آٹو میںمحو خواب آنند کو چند شر پسند عناصر نے پٹرول چھڑک کر زندہ جلادیا تھا جس کی یاد میںتلنگانہ اٹو ڈرائیورس نے

آج تعزیتی جلسہ منعقد کیا ۔ جلسہ کی نگرانی آٹو ڈرائیورس جے اے سی صدر محمد امان اللہ خان نے کی جبکہ جناب ایم اے سلیم‘ جی رویندر‘ لکشمار یڈی ‘ ستی ریڈی‘ سید غوث لکی کے علاوہ دیگر نے بھی اس جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ اٹوڈرائیورس جے اے سی کی جانب سے آنجہانی آنند کے لواحقین کو مدیر اعلی روزنامہ سیاست کے ہاتھوں ایک لاکھ روپئے کی نقد رقم دی گئی۔ اپنی تقریر کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے جناب زاہد علی خان نے تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جے اے سی کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا او رکہاکہ دیگر ریاستوں سے تلنگانہ میں روزگار کے متلاشیوں کی جان ومال کی حفاظت حکومت تلنگانہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میںروزنامہ سیاست نے ریاست حیدرآباد کا حصہ رہے عثمان آباد ‘ لاتور میں زلزوں کی تباہی کے بعد متاثرہ لوگوں میں امداد پہنچانے کاکام کیا اس کے علاوہ کشمیر کے سیلاب زدگان کی امداد میں بھی حیدرآباد کی نمائندگی کرتے ہوئے ادارہ سیاست نے کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں حیدرآباد کے نام سے طبی مرکز قائم کیا جس سے آج بھی کشمیر ی عوام استفادہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے علاقہ واری اساس سے بالاتر ہوکرآنند کے لواحقین کو10 لاکھ روپئے کا معاوضہ او رآنند کی اہلیہ کو سرکاری ملازمت دینے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے تلنگانہ اٹوڈرائیورس جے اے سی کے قائدین کو اپنے مطالبات کی یکسوئی کے لئے متحدہ جدوجہد کرنے کا بھی مشورہ دیا اور ہر محاذ پر مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔