تلنگانہ اور سیما آندھرا کیلئے دو علیحدہ منشور

دونوں علاقوں کی ترقی کیلئے اقدامات ‘ تلگودیشم کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 30؍ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ منعقد ہونے والے عام انتخابات کے لئے تلنگانہ ریاست کیلئے خصوصی طور پر انتخابی منشور مرتب کیا جا رہا ہے ۔ اس انتخابی منشور کے لئے مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں سے رائے و تجاویز و مشورے حاصل کئے گئے ہیں ۔ ابھی بھی عوامی خیالات و تجاویز کو قبول کرنے کیلئے تلگودیشم پارٹی قائدین تلنگانہ اب بھی تیار ہیں علاوہ ازیں صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابونائیڈو کی جانب سے مختلف مواقعوں پر علاقہ تلنگانہ کے عوام کو دیئے گئے تیقنات اور کئے ہوئے وعدوں کو اور عوامی مطالبات کو اس انتخابی منشور میں شامل کیا جا رہا ہے ۔ جبکہ اس انتخابی منشور کی خصوصیت یہ ہے کہ اس انتخابی منشور میں علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد میں زندگی کی قربانی دینے والے طلباء وغیرہ کے افراد خاندان کی عزت بڑھانے و ان کی ہمت افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ مالی اعتبار سے انہیں اونچا اٹھانے کے مقصد سے انہیں فراہم کئے جانے والے مختلف ترغیبات کو بھی اس انتخابی منشور میں شامل کیا جا رہا ہے ۔ اسطرح تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کا مرتب کیا جانے والا یہ خصوصی انتخابی منشور بالکلیہ طور پر آخری مرحلہ میںہے ۔

آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسرس آر چندرشیکھرریڈی ‘ کنوینر تلنگانہ انتخابی منشور کمیٹی تلگودیشم پارٹی آر ستیاراماراؤ ‘ اروند کمار گوڑ قائدین تلگودیشم پارٹی نے یہ بات کہی ۔ اور بتایا کہ شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو معاشی اعتبار سے سیاسی لحاظ سے مناسب مقام فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان قائدین نے بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل میں آنے کے تلنگانہ میں درپیش ہونے والے مسائل بالخصوص برقی کٹوتی سے کس طرح ٹمنا چاہئے ۔
پانی کے مسائل کی کس طرح یکسوئی کی جانی چاہئے ۔ ان موضوعات کو بھی شامل کیا جا رہا ہے ۔ ان قائدین نے کہا کہ انتخابی منشور میں تلنگانہ علاقہ کے شاعروں ‘ آرٹسٹوں کے مسائل کو بھی شامل کیا جا رہا ہے ۔ ان قائدین نے انتخابی منشور کی تیاری کے لئے جن جن افراد نے مشورے تجاویز وغیرہ پیش کئے ہیں ان تمام سے اظہار تشکر بھی کیا ۔