تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر برقرار

حیدرآباد31دسمبر(یواین آئی )دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر برقرار ہے ۔ تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں رات کا درجہ حرارت 11ڈگری سلسیس درج کیا گیا ہے ۔ صبح نو بجے تک بھی کہر دیکھی جارہی ہے ۔ ضلع کھمم میں شدید کہر کے سبب سڑکوں پر گاڑی سواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ عوام نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال سردی کی لہر کافی شدید رہی ہے ۔ پہلی مرتبہ اتنی زیادہ سردی محسوس کی جارہی ہے جس سے ان کو پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا ہے کہ سردی کی لہر میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔ جنوری میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا ۔ محکمہ نے کہا کہ شمالی تلنگانہ سردی کی شدید لپیٹ میں ہے ۔ سردی کا اثر ساحلی آندھراپردیش میں بھی زیادہ ہے ۔ سردی کے سبب چھوٹے بچے اور ضعیف افراد شدید متاثر ہیں۔ گرم کپڑوں کی فروخت میں بھی کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔ ڈاکٹرس نے انتباہ دیا کہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ سے سوائن فلو کے معاملات پھیل سکتے ہیں ۔ پہلے ہی بیشتر افراد کے شہر حیدرآباد کے فیور اسپتال میں سوائن فلو کی علامات کے ساتھ زیر علاج ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرم کپڑوں اور ماسک کا استعمال کریں ۔ سردی کے سبب عوام گھروں سے نکلنے میں ہچکچاہٹ محسوس کررہے ہیں۔چہل قدمی کرنے والوں کی تعداد بھی کم ہورہی ہے ۔ فقیر اور فٹ پاتھس پر سونے والے شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ عوام سردی سے بچنے کیلئے مختلف تدابیر اختیار کررہے ہیں ۔