تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس ، تین علحدہ درخواستوں کی سماعت

حیدرآباد ۔ 9۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں تین مقدمات کی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں او ایس ڈی ٹی گوپال راؤ اور لیگل ایڈوائیزر قدیر صدیقی ریٹائرڈ تحصیلدار نے شرکت کی ۔ اجلاس میں تین مختلف مقدمات کی سماعت کی گئی۔ بنجارہ ہلز میں سڑک کی توسیع کے دوران حاصل کردہ اراضی کا معاوضہ ادا نہ کرنے پر مالک اراضی نے کمیشن سے شکایت کی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کمیشن نے وضاحت طلب کی تھی ۔ کارپوریشن نے مکتوب روانہ کرتے ہوئے رپورٹ کی پیشکشی کیلئے وقت مانگا ہے ۔ معاملہ کی آئندہ سماعت 15 جون کو مقرر کی گئی۔ گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر شریمتی قریشی بیگم کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے مسئلہ پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر حیدرآباد نے کارروائی کیلئے وقت مانگا ہے۔ ڈی او نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ حکومت کو مکتوب روانہ کریں گے۔ حیات نگر منڈل میں اراضی کی ملکیت کے مسئلہ پر کمیشن نے درخواست گزار میر محمود علی کی سماعت کی۔ تحصیلدار حیات نگر شریمتی شیلجا نے کمیشن میں ہائی کورٹ کے فیصلہ کی نقل پیش کی جس کے تحت یہ سرکاری اراضی ہے۔ اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 15 جون کو ہوگی۔