تلنگانہ اقامتی اداروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات

اعلامیہ کی اجرائی کے بعد امیدواروں میں جوش و خروش
حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اقامتی تعلیمی اداروں کے بھرتی بورڈ کے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے امیدواروں کی جانب سے زبردست جوش و خروش دیکھا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے تلنگانہ سوشیل ویلفیر ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن کے سکریٹری ڈاکٹر آر ایس پروین کمار نے آج پولیس آفیسرس میس واقع مانصاحب ٹینک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اقامتی تعلیمی اداروں کے تقررات کیلئے حکومت تلنگانہ نے مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے کیلئے اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 2932 ٹی جی ٹی اور پی جی ٹی درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ /9 جولائی تھی اور جونیئر لکچرر کے تقررات کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ /8 ستمبر مقرر ہے ۔ ڈاکٹر پروین کمار نے کہا کہ تلنگانہ ریسیڈنشیل ایجوکیشن رکروٹمنٹ بورڈ نے ڈگری لکچررس ، فزیکل ڈائرکٹرس ، لائبریرینس اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رکروٹمنٹ بورڈ کے دفتر کا قیام ڈی ایس ایس بھون مانصاحب ٹینک کی چوتھی منزل پر عمل میں لایا گیا تھا اور حکومت نے اقامتی تعلیمی اداروں کے 5318 جائیدادوں پر تقررات کیلئے جی او جاری کیا تھا ۔ سکریٹری ڈاکٹر پروین کمار نے کہا کہ تلنگانہ اقامتی تعلیمی اداروں میں طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے طلباء کے جوش و خروش میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔