تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی

 سعید حسین
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی ایک خود مختار ادارہ ہے اس کے قیام کا بنیادی مقصد ریاست میں اردو زبان و ادب کے تحفظ و ترویج، ترقی اور فروغ کے لئے کام کرنا ہے۔ اردو اکیڈمی کی سرگرمیوں کا دائرہ کار شعرائ، ادیبوں، قلم کاروں، اردو کے کاز کے لئے کام کرنے والی شخصیتوں، اردو طلبائ، اردو صحافیوں، اردو اخبارات اور اردو خبر رساں اداروں تک محدود ہے۔ اردو اکیڈمی کی سرگرمیاں ادبی، تعلیمی، تہذیبی اور ثقافتی ہیں۔ حکومت تلنگانہ اردو زبان و ادب اور تہذیب تحفظ اور ترقی کے علاوہ اردو گھر، شادی خانوں کی تعمیر کے لئے فنڈز منظور کرتی ہے۔
اس ادارے کے سربراہ جناب ایس اے شکور صاحب ایک فعال اور ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں ۔ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے ذمہ دار اس کے علاوہ زائد ذمہ داری حج کمیٹی کی بھی آپ کو سونپی گئی ہے۔ ان دونوں عہدوں کو بہت اچھی طرح سے آپ پورا کررہے ہیں۔
آپ فطرتاً بہت خاموش طبع ہیں، اپنے اسٹاف کے ساتھ نہایت ہی دوستانہ طریقہ سے پیش آتے ہیں۔ اسٹاف کے علاوہ جو بھی ضرورت مند آپ سے رجوع ہوتا ہے ان سے بہت ہی اچھی طرح سے پیش آتے ہیں اور حتی المقدور ان کے دائرہ اختیار میں جو بھی ذمہ داری ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں۔نائب وزیراعلیٰ حکومت تلنگانہ جناب محمد محمود علی صاحب نے تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکاڈمی کی جانب سے ڈائری برائے سال 2018ء کی اشاعت پر پروفیسر ایس اے شکور ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار اپنے پیغام میں کیا۔
مذکورہ پیام میں انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست کی اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی مسائل کے حل کے علاوہ زبان و ادب کے تحفظ کے لئے نہایت سنجیدہ ہے اور اردو کو سرکاری زبان کا ذرجہ دیتے ہوئے اور ریاست میں اس کو رائج کرنے پر عمل پیرا ہے۔
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی…
اردو کے فروغ، ترقی و ترویج کے سلسلہ میں
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی اسکیمات
اردوزبان و ادب کا تحفظ و ترویج:
اس اسکیم کے تحت تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی فروغ اردو کے کئی کاموں کو انجام دے رہی ہے۔ جن میں مختلف ایوارڈز، اردو ادیبوں شاعروں کی کتابوں کی اشاعت کے لئے جزوی مالی اعانت، اردو لائبریریز کی اعانت، اردو اخبارات رسائل اور جرائد کی مالی اعانت، اردو خبر رساں اداروں کی مالی اعانت، اردو قلم کاروں اور صحافیوں کی اعانت، مطبوعہ کتابوں پر انعامات اور اردو اکیڈمی کے ترجمان ماہنامہ ’’قومی زبان ‘‘کی اشاعت شامل ہیں۔
ماہنامہ قومی زبان کی اشاعت :
اس اسکیم کے ذریعہ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی اپنا ایک ترجمان ماہنامہ ’’قومی زبان‘‘ جاری کرتی ہے جس میں اردو ادیبوں، اسکالرس اور قلم کاروں و شعراء کا کلام شائع کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس رسالے کے ذریعہ اردو اکیڈمی کی سرگرمیوں سے واقف کروایا جاتا ہے۔ گذشتہ برسوں کے دوران اس رسالے نے قومی سطح پر اپنے معیار، چھپوائی اور تزئین میں ملک کے معیاری رسالوں میں ممتاز مقام حاصل کیا ہے۔
۱)مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے ہر سال نامور قومی ، سماجی، ادبی شخصیات، اسکالرس اور زبان و ادب کی ممتاز ہستیوں میں سے ایک شخصیت کو مولانا ابو الکلام آزاد ایوارڈ دیا جاتا ہے۔ یہ قومی ایوارڈ ہے جو 2,25,000/- روپئے (دولاکھ پچیس ہزار روپئے) نقد، توصیف نامہ اور میمنٹو پر مشتمل ہے۔ ایوارڈ یافتگان کے انتخاب کے لئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے۔
۲)مخدوم ایوارڈ:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی ہندوستان میں اردو کے ادیب، شاعر، صحافی، اسکالر، محقق، نقاد، مزاح نگار میں سے ہر سال مخدوم ایوارڈ کے نام سے ایک ایوارڈ عطا کرتی ہے، یہ ایک قومی ایوارڈ ہے جو 2,00,000 روپئے (دو لاکھ روپئے) ، توصیف نامہ اور میمنٹو پر مشتمل ہے۔ ایوارڈ یافتگان کے انتخاب کے لئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے۔
۳)کارنامہ ٔ حیات ایوارڈ (مجموعی خدمات پر انعامات)
ادیبوں، اسکالروں، شاعروں، صحافیوں اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے سلسلہ میں کام کرنے والے اصحاب کی خدمات کو خراج پیش کرنے تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے مختلف زمروں میں سات ایوارڈ دیئے جاتے ہیں جو حسب ذیل ہیں۔
1)  شاعری :  حضرت امجد حیدرآبادی ایوارڈ
2)  شاعری :  سعید شہیدی ایوارڈ
3)  نثر:  آغا حیدر حسن ایوارڈ
(4 تنقید و تحقیق  :  ڈاکٹر محی الدین قادری زور ایوارڈ
5)  تعلیم و تدریس:  پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ
6)  فروغ اردو  :  سری نواس لاہوٹی ایوارڈ
7)  صحافت:  محبوب حسین جگر ایوارڈ
ان ایوارڈز کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جو اردو اسکالرس، ادیبوں، شعراء اور فروغ اردو کے سلسلہ میں کام کرنے والے نامور اصحاب پر مشتمل ہوتی ہے۔ مذکورہ کمیٹی متفقہ طور پر انعام یافتگان کا انتخاب کرتی ہے۔ مذکورہ ایوارڈ فی کس 50,000/- روپئے (پچاس ہزار روپئے) اور توصیف نامہ پر مشتمل ہے۔
۴)بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے ہر سال سرکاری مدارس، کالجس و جامعات کے اردو اساتذہ کی تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی پر ’’بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ‘‘ عطا کیا جاتا ہے۔ قواعد کے مطابق پانچ (5)سال کی مدت ملازمت پوری کرنے والے اساتذہ درخواست دینے کے اہل ہوتے ہیں۔ ایوارڈ یافتگان کے انتخاب کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے۔
۵)بیسٹ اردو اسٹوڈنٹ ایوارڈ :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے ہر سال سرکاری مدارس کے دسویں جماعت کے اردو میڈیم طلباء و طالبات کی تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی پر ’’بیسٹ اردو اسٹوڈنٹ ایوارڈ‘‘ عطا کیا جاتا ہے۔ اس سلسلہ میں کمشنر گورنمنٹ ایگزامنیشن سے امتیازی درجہ میں کامیاب اردو میڈیم طلباء کی تفصیلات حاصل کی جاتی ہے۔
۶)اردو کی شائع شدہ مطبوعات پر انعامات :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے ہر سال شاعروں، ادیبوں، مصنفین اور تخلیق کاروں کی مطبوعات پر انعامات عطا کئے جاتے ہیں۔ مطبوعات پر انعامات کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جو مطبوعات کے معیار کا جائزہ لیتی ہے اور ان کو انعامات کے لئے منتخب کرتی ہے۔
مطبوعات کے معیار کا جائزہ لیتی ہے اور ان کو انعامات کے لئے منتخب کرتی ہے۔
۷)اردو سے متعلق جاری اسکیمات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا:
اس اسکیم کے ذریعہ اردو کے چھوٹے اخبارات کو اشتہارات دیئے جاتے ہیں۔
۸)اردو خبر رساں اداروں کو مالی امداد:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی ریاست کے اردو خبر رساں اداروں کی بھی مالی اعانت کرتی ہے۔
۹)اردو ادیبوں، اسکالروں اور شعراء کی تخلیقات کی اشاعت کے لئے جزوی مالی اعانت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی اردو ادیبوں شاعروں اور تخلیق کاروں کی تخلیقات کی اشاعت کے لئے ہر سال جزوی مالی اعانت کرتی ہے۔ درخواستیں و مسودات داخل کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ ایک ماہ کا وقت دیا جاتا ہے۔ مسودات کے سلیکشن کے لئے ڈائریکٹر؍ سکریٹری کی سرپرستی میں ماہرین پر مشتمل ایک ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے۔
۱۰)اردو لائبریریز کو کتابوں کی فراہمی :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی ریاست میں رضا کارانہ تنظیموں، انجمنوں اور اردو اداروں کی جانب سے قائم اردو لائبریریوں کو بشکل کتب امداد فراہم کرتی ہے۔
۱۱)اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام اردو مشاعرے، سمینارس، سمپوزیمس، تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام ریاست بھر میں اردو مشاعرے، سمینارس، سمپوزیمس، تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس منعقد کئے جاتے ہیں۔
۱۲)اردو مشاعرے، سمینارس، سمپوزیمس، تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس کے لئے مالی اعانت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی اردو کی رضاکارانہ تنظیموں، انجمنوں اور اداروں کی جانب سے ریاست میں منعقد ہونے والے اردو مشاعروں، سمینارس اور سمپوزیمس، تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس کے لئے مالی اعانت جاری کرتی ہے۔
۱۳)سرکاری اردو مدارس کو انفراسٹرکچر کے لئے مالی اعانت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام ریاست کے گورنمنٹ اور ایڈیڈ (امدادی) اردو میڈیم مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے مالی اعانت کی جاتی ہے۔ اس خصوص میں مالی اعانت کے حصول کے لئے درخواست گذاروں کو اردو اکیڈمی سے جاری کردہ فارم کی خانہ پری کے بعد متعلقہ D.E.O سے تصدیق کروانا ضروری ہے۔ انفراسٹرکچر کے لئے درخواستوں کو تنقیح و جانچ کے بعد سرکاری و امدادی ہائی اسکول پر پرائمری و پرائمری اسکول کو مبلغ 50,000/- روپئے (پچاس ہزار روپئے) منظور کئے جاتے ہیں۔
۱۴)اردو میڈیم کی نصابی کتابوں کی اشاعت:
حکومت نے سال 2012-13 ء سے تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کو انٹرمیڈیٹ اردو میڈیم کی کتابوں کی اشاعت کی ذمہ داری دی ہے۔ انٹرمیڈیٹ کے نصاب میں تبدیلی کے بعد سال دم کی کتابوں کی اشاعت عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح گرایجویشن کی حصہ اول و دوم کی کتابوں کی بھی اشاعت عمل میں لائی جاچکی ہے۔
۱۵)اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر :
محکمہ اقلیتی بہبود ریاست بھر میں اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے ذریعہ ضلع کلکٹرس کو رقوم روانہ کرتی ہے۔ ان شادی خانوں کی تعمیر ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں انجام دی جاتی ہے۔ ان اردو گھر شادی خانوں کو مختلف اردو تہذیبی پروگرامس، مشاعروں، سمینارس اور اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادیوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
۱۶)اردو رسائل و جرائد کی مالی اعانت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی ریاست کے اردو رسائل و جرائد کی مالی اعانت کرتی ہے۔
۱۷)گرمائی تعطیلات میں اردو پڑھانے اور سیکھانے کیلئے رضا کارانہ تنظیموں اور اداروںکی مالی اعانت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی ریاست میں گرمائی تعطیلات میں اردو پڑھانے اور سیکھانے کے کیمپس کے لئے اردو رضاکارانہ تنظیموں او ر اداروں کی مالی اعانت کرتی ہے۔
۱۸)اردو الیکٹرانک میڈیا جرنلسٹس کی مالی اعانت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے اردو الیکٹرانک میڈیا جرنلسٹوں کی بھی مالی اعانت کی جاتی ہے۔
۱۹)اردو کتابوں کی اشاعت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام نامور اردو ادیبوں اور شعراء کی کتابوں کی اشاعت بھی کی جاتی ہے۔
۲۰)جشن تلنگانہ کی تقاریب :
جشن تلنگانہ کی تقاریب : ہر سال 2 ؍جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کی شاندار تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی ایک کل ہند ادبی مشاعرہ، کل ہند مزاحیہ مشاعرہ، شام غزل اور قوالی پروگرام کا اہتمام کیا کرتی ہے۔
۲۱)چھوٹے اردو اخبارات کی مالی اعانت، قومی اردو اخبارات و اردو چیانلس کو اشتہارات کی اجرائی :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی ریاست بھر میں شائع ہونے والے اردو کے چھوٹے اخبارات کی مالی اعانت کرتی ہے۔ اس کے علاوہ قومی اردو اخبارات و اردو چیانلس کو اشتہارات بھی جاری کئے جاتے ہیں۔
۲۲)اردو اکیڈمی کے جزوقتی بک اسٹالس :
کل ہند صنعتی نمائش حیدرآباد اور ملک و ریاست میں منعقد ہونے والے کتاب میلوں میں تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے بک اسٹالس بھی لگائے جاتے ہیں۔
۲۳)اردو کیلنڈرس، ڈائری اور بروچرس کی اشاعت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام ہر سال اردو کیلنڈرس، اردو ڈائری اور وقتا فوقتاً بروچرس کی اشاعت بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔
۲۴)اردو قلم کاروں اور صحافیوں کی مالی اعانت :
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے اردو قلم کاروں اور صحافیوں کی مالی اعانت کی جاتی ہے۔