تلنگانہ اسمبلی کا 20 ستمبر سے 10 روزہ مانسون اجلاس

حیدرآباد 30 اگسٹ (سیاست نیوز) اسمبلی کی بزنس اڈوائزری کمیٹی نے آئندہ ماہ 20 ستمبر سے 10 دن تک مانسون سیشن طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جی ایس ٹی بل کی منظوری کے لئے آج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا جس کے فوری بعد اسمبلی کا مانسون سیشن کی حکمت عملی تیار کرنے بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ کانگریس کے ڈپٹی فلور لیڈر ملوبٹی وکرامارک نے عوامی مسائل بالخصوص کسانوں کے مسائل، مہاراشٹرا سے کئے گئے آبی معاہدہ، مسلمانوں اور قبائیلیوں کو 12 فیصد تحفظات، ڈبل بیڈ روم ، پراجکٹس کی ری ڈیزائننگ کے ساتھ دوسرے مسائل پر غور کرنے کے اسمبلی سیشن کو 15 دن تک منعقد کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ تلگودیشم، سی پی ایم نے بھی کانگریس کے مطالبہ کی تائید کی۔ تاہم انھیں بتایا گیا کہ 5 ستمبر سے گنیش تہوار اور 8 سپٹمبر سے آندھراپردیش اسمبلی کا اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ شہر میں امن و امان کی برقراری کے لئے پولیس کی خدمات سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔