تلنگانہ اسمبلی میں تین گھنٹے تقریر ، چیف منسٹر کے سی آر کا ریکارڈ

وزراء ، عوامی نمائندے اور اپوزیشن بھی حیرت زدہ ، ماضی میں اس طرح کی تقریر کا کوئی ریکارڈ نہیں
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) کے چندر شیکھر راؤ کوئی کام کریں وہ اپنے میں ایک مثال اور ریکارڈ بن جاتا ہے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران اور پھر آج حکومت میں کے سی آر نے اپنے منفرد انداز کے ذریعہ کئی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ طویل ترین کابینی اجلاسوں کے انعقاد کے ذریعہ سیاسی حلقوں اور بیورو کریسی میں اپنی منفرد شناخت بنانے کے بعد کے سی آر نے آج اسمبلی میں مسلسل 3 گھنٹے سے زائد تقریر کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ آبپاشی پراجکٹس اور حکومت کی نئی پالیسی کے بارے میں مسلسل تین گھنٹے سے زائد تک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ چیف منسٹر نے نہ صرف وزراء اور عوامی نمائندوں بلکہ اپوزیشن کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔ چیف منسٹر نے 11بجکر 45منٹ پر پریزنٹیشن کا آغاز کیا اور 2بجکر 45منٹ تک ان کی تقریر جاری رہی۔ تلنگانہ اور متحدہ آندھرا پردیش کی اسمبلی میں آج تک کسی چیف منسٹر نے تین گھنٹوں تک مسلسل تقریر نہیں کی۔ اس طرح چندر شیکھر راؤ نے ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے آغاز سے قبل چیف منسٹر نے نصف گھنٹہ تک پراجکٹس اور ریاست کی آبپاشی صورتحال کا اجمالی خاکہ پیش کیا بعد میں ایوان میں لگائے گئے تین LEDاسکرین پر پریزنٹیشن دیا۔ چیف منسٹر نے ابتداء میں ٹھہر کر تقریر کی جبکہ پریزنٹیشن کے وقت انہوں نے اسپیکر کی اجازت سے بیٹھ کر تفصیلات پیش کیں۔ پریزنٹیشن کی خصوصیت یہ رہی کہ انہوں نے کسی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا۔ پریزنٹیشن سے پہلے اور بعد میں ٹی آر ایس کے ارکان کافی خوش دکھائی دے رہے تھے۔ پریزنٹیشن کے ساتھ ہی اسمبلی کی کارروائی لنچ کیلئے ملتوی کی گئی اور اس دوران وزراء اور ارکان نے چیف منسٹر کے پاس پہنچ کر انہیں مبارکباد پیش کی۔ ارکان کا کہنا تھا کہ ریاست کے کروڑہا کسان اور زرعی شعبوں سے وابستہ افراد کو حکومت کی آبپاشی پالیسی کا بے چینی سے انتظار تھا۔ ٹی آر ایس کے ایک رکن نے یہاں تک کہہ دیا کہ جس طرح تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے پارلیمنٹ میں مباحث کے وقت کیڈر میں خوشی کا ماحول تھا اسی طرح کا ماحول آج چیف منسٹر کے پریزنٹیشن کے موقع پر دیکھا گیا کیونکہ یہ پریزنٹیشن تلنگانہ کے تابناک مستقبل کی ضمانت بنے گا۔