تلنگانہ اسمبلی اجلاس کامیاب : ہریش راؤ

چیف منسٹر نے اپوزیشن کی تجاویز اور مشوروں کو اہمیت دی
حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی و اسمبلی اُمور مسٹر ہریش راؤ نے کہاکہ اسمبلی کا اجلاس کامیاب رہا۔ تلگودیشم کے رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی پر امتناع عائد کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ٹی آر ایس کو اسمبلی میں مکمل اکثریت ہونے کے باوجود چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے تجاویز اور مشوروں کو قبول کیا ہے۔ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ ایوان میں موجود نہ رہنے والی ایک رکن پارلیمنٹ کے خلاف ریونت ریڈی نے جھوٹا اور بے بنیاد الزام عائد کیا۔ ریونت ریڈی نے اپنے ریمارکس سے دستبرداری اختیار نہیں کی اور نہ ہی معذرت خواہی کی۔ اسمبلی کے اجلاس کو باقاعدہ اور کامیاب بنانے کے لئے تمام جماعتوں اور ان کے ارکان کو اعتماد میں لینے کی ہرممکن کوشش کی گئی ہے۔ حکمراں جماعت کو اسمبلی میں مکمل اکثریت ہے باوجود اس کے حکومت نے کوئی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ تمام سیاسی جماعتوں کی تجاویز اور مشوروں کو قبول کیا گیا۔ تلنگانہ تحریک سے غداری کرنے والوں کے خلاف ہی سخت رویہ اپنایا گیا۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن جماعتوں کی تجاویز کو قرارداد کے طور پر قبول کیا ہے۔ برقی بحران کے مسئلہ پر اپوزیشن سے تجاویز وصول کئے ہیں۔ نئی صنعتی پالیسی میں اپوزیشن کے مشوروں سے اتفاق کیا گیا ہے۔ حکومت سے تعاون کرنے اور تعمیری تجاویز دینے والوں سے ہم اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اسمبلی میں ابھی تک عوامی مسائل پر اتنا سنجیدگی سے مذاکرات نہیں ہوئے۔ اسمبلی کی نمائندگی کرنے والے تمام ارکان کو ایوان میں بات کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا گیا۔ ماضی میں 5 سال تک بھی چند ارکان کو بات کرنے کا موقع نہیں ملا۔ دوپہر ایک بجے تک اسمبلی کی کارروائی ملتوی کردی جاتی تھی۔ تاہم ٹی آر ایس حکومت نے وقت کی کوئی قید نہیں رکھی۔ ہر مسئلہ پر کھل کر مباحث ہوئے۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہاکہ 1996 ء کے بعد پہلی مرتبہ اسمبلی کا رات کے 11 بجے تک بھی اجلاس منعقد کیا گیا۔ کانگریس، تلگودیشم اور مجلس کے علاوہ دوسری جماعتوں نے اسمبلی اجلاس کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔