تلنگانہ ، اے پی میں بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ، نظام آباد ، کریم نگر ، ورنگل ، کھمم ، میدک ، رنگاریڈی ، حیدرآباد اور نلگنڈہ کے مختلف مقامات پر آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے علاوہ ساحلی آندھراپردیش رائلسیما کے بعض اضلاع میں آئندہ پانچ روز کے درمیان ہلکی سے اوسط بارش ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اضلاع سریکاکولم ، وجیانگرم ، وشاکھا پٹنم ، مشرقی و مغربی گوداوری ، کرشنا ، پرکاشم ، نیلور ، اننت پور ، کڑپہ اور کرنول کے علاقوں میں آئندہ تین دن کے دوران ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی ۔ بتایا گیا کہ ساحلی آندھرا کے ایک دو مقامات پر درجہ حرارت شدید رہا جب کہ رائلسیما ، تلنگانہ کے چند علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی درج ہوئی ہے ۔ تلنگانہ کے علاقہ راماگنڈم اور ہنمکنڈہ میں عظیم ترین درجہ حرات 44 ڈگری جب کہ آندھرا پردیش کے جنگا مہیشورپورم علاقہ میں درجہ حرارت 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد اور اطراف و اکناف علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ۔ بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے ۔ جب کہ درجہ حرارت 28 تا 40 ڈگری کے آپس پاس رہے گا ۔۔

 

آج ٹیچرس جاب میلہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : ٹیچرس جاب میلہ 31 مئی بروز منگل کو صبح دس بجے حبا فنکشن ہال نزد گاؤشالہ جہاں نما میں مقرر ہے جس کا اہتمام کومی ’ کانفیڈریشن آف میناریٹی انسٹی ٹیوشن ‘ نے کیا ہے ۔ اس کا رسمی افتتاح مسٹر بابو راؤ ایڈیشنل ڈی سی پی ساوتھ زون کریں گے اور مہمان خصوصی ایم اے باری اے سی پی ہوں گے ۔ مسٹر ایم ایس فاروق صدر اور خلیل الرحمن سکریٹری نے ٹرینڈ ٹیچرس اور گریجویٹ امیدواروں سے وقت پر معہ بائیو ڈاٹا شرکت کی اپیل کی ۔۔